ڈاؤس میں انڈین پویلین کے تحت تلنگانہ پویلین کا آغاز، چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی وزیر سریدھر بابو اور مرکزی وزراء کی شرکت، تلنگانہ کی ترجیحات کا مظاہرہ
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر حکومت ہند نے ملک کی ریاستوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اُجاگر کرنے کے لئے انڈین پویلین قائم کیا ہے جس میں مختلف ریاستوں کی جانب سے علیحدہ علیحدہ ترقیاتی شوکیس قائم کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو، مرکزی وزیر فوڈ پروسیسنگ چراغ پاسوان، مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ اسکل ڈیولپمنٹ جین چودھری اور کیرالا کے وزیر انڈسٹریز پی راجو کے ہمراہ انڈین پویلین کا افتتاح انجام دیا۔ اِس موقع پر چیف منسٹر نے تلنگانہ پویلین کا آغاز کیا جہاں تلنگانہ کے مختلف شعبہ جات میں ترقی کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ مرکزی وزراء نے اسکل ڈیولپمنٹ اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبہ میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں تعاون کا یقین دلایا۔ اِس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے تعارفی خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی ترجیحات بیان کیں۔ سریدھر بابو نے کہاکہ تمام ریاستیں متحدہ طور پر جامع ترقی کے ذریعہ ہندوستان کو مستقبل میں سوپر پاور ملک بنانے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ سال ریونت ریڈی کی قیادت میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے کئی معاہدات طے پائے تھے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ جاریہ سال بھی ٹیکنالوجی، بائیو ٹیک، اسکل ڈیولپمنٹ اور فوڈ پروسیسنگ کے علاوہ اگرو پروسیسنگ کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ سریدھر بابو نے کہاکہ تلنگانہ حکومت انرجی کے شعبہ میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔ متبادل ذرائع کے ذریعہ برقی تیار کرنے کا منصوبہ ہے اور حکومت نے سولار انرجی اور دیگر ذرائع کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ تلنگانہ نے کورونا ویکسن کی تیاری میں دنیا بھر میں 33 فیصد ویکسن کی تکمیل کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگرو پروسیسنگ کے شعبہ میں تلنگانہ ملک میں دوسرے مقام پر ہے۔ ٹیکنالوجی کے علاوہ ایمپلائمنٹ اور اسکل ڈیولپمنٹ میں تلنگانہ کی کارکردگی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی بن چکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں انفرادی آمدنی کے شعبہ میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی ملک میں 5 ٹریلین معیشت کا منصوبہ رکھتے ہیں جبکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک ٹریلین اکانومی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ ڈاؤس سمٹ میں بین الاقوامی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں گے۔ ڈی سریدھر بابو نے کہاکہ کانفرنس کے دوران بین الاقوامی صنعت کاروں سے تلنگانہ کے وفد کی ملاقات میں کئی معاہدوں کو قطعیت دیئے جانے کا امکان ہے۔ 1