تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ۔کئی مقامات پر کہر

   

حیدرآباد27 اکتوبر۔ (یواین آئی) تلنگانہ میں گذشتہ چار دنوں سے اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی اور سردی کی لہر میں اضافہ ہوا ۔ریاست کے کئی علاقوں میں معمول سے پانچ ڈگری کم درجہ حرارت درج کیاگیا ۔رنگاریڈی کے کڑتال میں اقل ترین درجہ حرارت 11ڈگری اور حیدرآباد میں 15ڈگری درج کیاگیا۔ حکام کے بموجب مانسون کی دستبرداری سے موسم سرد ہوگیا ہے ۔ جاریہ سال سردی کے موسم کی جلد آمد ہوئی ۔ میں سردی شروع ہوگئی ۔ آئندہ دنوں میں سردی کی لہر میں شدت کا امکان ہے ۔درجہ حرارت میں گراوٹ سے کئی علاقوں میں صبح کہر کی گھنی چادر دیکھی جارہی ہے ۔ حکام نے عوام کو مشورہ دیا کہ سردی کی لہر میں اضافہ کے پیش نظر چوکس رہیں۔ گذشتہ 10 برسوں میں پہلی بار کئی علاقوں میں اکتوبر میں شدید سردی درج کی گئی ہے ۔ملک کے شمالی حصوں سے سرد ہواوں سے تلنگانہ میں اقل ترین درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ۔محکمہ نے کہاکہ آئندہ مہینہ میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگا۔