اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹرس کے تقرر نامے حوالے ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔11۔نومبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت جلد ہی الکٹرانک موٹر وہیکل کے لئے نئی پالیسی مدون کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں اسسٹنٹ موٹر وہیکل انسپکٹر کے عہدہ پر کئے جانے والے تقررات کے تقررنامہ حوالہ کرنے کی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اندرون 10ماہ 50 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے ذریعہ کانگریس نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت منشیات پر قابو پانے کے اقدامات کر رہی ہے اور تلنگانہ کی سرحدوں پر خدمات انجام دینے والوں کو چاہئے کہ وہ بھی اس کا حصہ بنیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کے لئے اقدامات میں مصروف ہے جبکہ بعض لوگ جو خود کو رہنماء کہتے ہیں وہ دیوالی کے موقع پر منشیات اور شراب نوشی کی دعوتیں منعقد کرتے ہیں حالانکہ رہنماء اور رہبر وہ ہوتے ہیں جو کہ نوجوانوں کو ان لعنتوں سے پاک رہنے کی تلقین کرتے ہوئے انہیں نشہ سے دور رکھنے کے اقدامات کریں اور ان کے لئے مثال بن کر دکھائیں۔ مسٹر ریونت ریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ خدمت کے جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دیں اور فرض شناسی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے اپنے مواضعات کے نوجوانوں کو یہ پیغام دیں کہ ان کی تعلیم ہی ان کی شناخت بن رہی ہے اور ان کی تعلیم اور صلاحیت کے ذریعہ ہی انہیں یہ مقام حاصل ہوا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے کے لئے بھی محکمہ ٹرانسپورٹ کا مکمل تعاون ضروری ہے تاکہ شہر حیدرآباد کو ماحولیاتی آلودگی کے علاوہ صوتی آلودگی سے محفوظ رکھا جاسکے۔چیف منسٹر نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ تحریک تلنگانہ کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے نوجوان سریکانت چاری کو اپنا رول ماڈل بنائیں ناکہ ان لوگوں کو جو دیوالی جیسے تہوار پر نشہ کرنے کو تلنگانہ کی تہذیب قرار دیتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ اس طرح کے لوگوں کو معاشرہ سے بے دخل کرنا نوجوانوں کی ذمہ داری ہے جو انہیں بگاڑ کی راہ پر لے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ینگ انڈیا اسپورٹس یونیورسٹی ‘ ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے علاوہ دیگر منصوبوں کے ذریعہ ملک بھر میں منفرد اقدامات کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی کیلئے راہیں ہموار کی جار ہی ہیں ۔ اس تقریب سے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ کے ہر شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترقی کے سلسلہ میں بھی اقدامات کو یقینی بنایا اور محکمہ میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کے ذریعہ نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی عمل میں لائی جانے لگی ہے جبکہ سابقہ دور حکومت میں یہ سلسلہ بند کیا جاچکا تھا اور 10 سال کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے تقررات کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی تھی۔3