سابق وزیر محمد علی شبیر کا مطالبہ، پڑوسی ریاستوں کی صورتحال تلنگانہ کیلئے خطرہ کی گھنٹی
حیدرآباد۔سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں تازہ اضافہ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ محمد علی شبیر نے شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں کورونا ٹیکہ حاصل کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اندیشوں کا شکار ہوئے بغیر ٹیکہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گذشتہ 10 دنوں کے دوران کورونا کیسس میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ریاستی حکومت کو چاہیئے کہ وہ مزید کسی کوتاہی کے بغیر کیسس میں اضافہ کا سنگین نوٹ لے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرے۔ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں کیسس میں اضافہ تلنگانہ کیلئے بھی خطرہ کی گھنٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو فوری اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ سے زائد افراد تلنگانہ میں کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1652 افراد نے اپنی جان گنوائی ہے باوجود اس کے ریاستی حکومت صورتحال سے نمٹنے میں تساہل سے کام لے رہی ہے۔ ریاستی حکومت پر کورونا کے حقیقی اعداد و شمار کو مخفی رکھنے کا الزام ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدار ہیلت بلیٹن کی اجرائی میں سنجیدہ نہیں ہیں اور اس معاملہ میں ہائی کورٹ کو مداخلت کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومت کو دیانتدارانہ موقف اختیار کرنا چاہیئے تاکہ عوامی زندگی کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ماسک اور سماجی فاصلہ جیسی تدابیر کو یقینی بنائیں۔