عہدوں کی تقسیم میں سماجی انصاف ہوگا ، پارٹی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا رول ادا کرے گی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ عنقریب پردیش کانگریس کمیٹی کی نئی عاملہ تشکیل دی جائے گی ۔ عہدوں کی تقسیم میں سماجی انصاف کیا جائے گا ۔ ارکان اسمبلی کو ضلعی کانگریس صدور بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔ گاندھی بھون میں آج مہیش کمار گوڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکمرانی ہے ۔ حکومت اور عوام کے درمیان کانگریس پارٹی پل کا رول ادا کرے گی ۔ وہ بہت جلد دہلی کا دورہ کریں گے ۔ پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے ، قائد اپوزیشن راہول گاندھی ، جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کے علاوہ دوسرے سینئیر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تنظیم جدید پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ، وزراء اور پارٹی کے سینئیر قائدین سے ان کی رائے حاصل کرتے ہوئے نئی عاملہ کی تشکیل میں سماجی انصاف کیا جائے گا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت کے تعلق سے مقامی کانگریس قائدین کو کچھ تحفظات ہیں ان کے خدشات کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پارٹی کے قدیم اور نئے قائدین کے درمیان تال میل پیدا کرنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں وعدے کے مطابق بی سی طبقات کو زیادہ اہمیت دی جائے گی ۔ انہوں نے سابق وزیر ٹی ہریش راو کی جانب سے ملنا ساگر کے متاثرین کے ساتھ انصاف کرنے کے مطالبہ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس 10 سال تک برسر اقتدار تھی ملناساگر کے متاثرین کو نظر انداز کیا گیا ۔ آج ہریش راؤ ان متاثرین کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ۔ ملناساگر کے متاثرین سے ملاقات کرنے کے لیے پہونچنے والے کانگریس قائدین کو گرفتار کیا گیا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس حکومت ملنا ساگر کے متاثرین سے مکمل انصاف کرے گی ۔ انہوں نے حیڈرا اور موسیٰ ندی کے انہدامی کارروائی پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی سے ضرور تھوڑے لوگوں کو نقصان ہورہا ہے مگر مجموعی طور پر حیدرآباد کی ترقی ہوگی ۔ متاثرین کے ساتھ حکومت مکمل انصاف کرے گی ۔۔ 2