مریضوں میں نیوٹریشن کٹس کی تقسیم کا منصوبہ ۔ ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ چاہتی ہے کہ ریاست کو 2025 تک ٹی بی سی پاک کیا جائے ۔ سدی پیٹ میں ٹی بی کے مریضوں میں نیوٹریشن کٹس کی تقسیم کا آغاز کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ تلنگانہ بھر میں ٹی بی کے جملہ 39,000 مریض ہیں۔ سدی پیٹ ضلع میں ایک ہزار مریض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ حلقہ اسمبلی میں ٹی بی کے 256 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ان مریضوں میں نیوٹریشن کٹس کی تقسیم ہوگی ۔ انہوں نے آشا ورکرس سے اپیل کی کہ وہ گاووں میں سروے کریں تاکہ ٹی بی کے مریضوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔ ان کا اگر ابتدائی مراحل میں علاج کیا جائے تو صحتیابی کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی جان لیوا مرض نہیں ہے ہریش راؤ نے کہا کہ مریض اس بیماری سے چھ مہینوں میں صحتیاب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو 2025 تک ٹی بی سے پاک بنانے کیلئے آئندہ چھ مہینوں میں ٹی بی کے مریضوں میں نیوٹریشن کٹس تقسیم کی جائیں گی ۔ ان میں تین کیلو چاول ‘ 300 گرام گھی ‘ ایک کیلو دالیں اور 30 انڈے شامل رہیں گے ۔