تلنگانہ کی ترقی پر وزیراعظم کی زبان سے ایک لفظ بھی نہیں

   

ٹوئٹر پر ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کی تنقید، تلنگانہ کی ترقی کی تفصیلات پیش
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سیاست کرنے حیدرآبادکا دورہ کیا۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر تلنگانہ کی ترقی کی تفصیلات کا حوالہ دے کر مطالبہ کیا کہ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ کی طرح ترقی کرنے والی کسی ریاست کے بارے میں وزیراعظم عوام کو بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں موافق صنعت پالیسی تیار کی گئی جس کے نتیجہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ۔ جی ڈی پی کی ترقی میں تلنگانہ ملک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ تلنگانہ میں ہر گھر کو پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے جو ملک بھر میں منفرد کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پیداوار میں تلنگانہ کو ملک میں دوسرا مقام حاصل ہے۔ ہندوستان میں فی کس آمدنی کے اعتبار سے تلنگانہ سرفہرست ہے۔ تلنگانہ نے دنیا کے سب سے بڑے لفٹ اریگیشن پراجکٹ کی تکمیل کی ہے۔ ہندوستان میں بسٹ رورل ڈیولپمنٹ کی مثال تلنگانہ نے پیش کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے بارے میں مودی کی زبان سے ایک جملہ بھی ادا نہیں ہوا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں میں 7.7 فیصد گرین کور میں اضافہ ہوا ۔ تلنگانہ کو دیگر ریاستوں کے مقابلہ زیادہ قومی ایوارڈس حاصل ہوئے ہیں۔ صنعتی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹیکسٹائیل پارک قائم کیا گیا اس کے علاوہ حیدرآباد عالمی سطح پر ویکسین کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے کئی شعبہ جات میں ترقی کی لیکن وزیر اعظم کی زبان سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدہ کیلئے وزیر اعظم تلنگانہ کی ترقی سے متعلق حقائق کو تسلیم کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے نو سالہ ترقی کے کئی امور ٹوئٹر پر پیش کئے۔ر