نقلی نوٹ چھاپنے والے تین افراد گرفتار،شمس آباد ٹاسک فورس اور بالا پور پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد زون ٹاسک فورس پولیس اور بالا پور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نقلی نوٹ چھاپنے والے تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ شمس آباد زون ٹاسک فورس ایڈیشنل ڈی سی پی کے ایس راؤ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رماوتھ رامو 36 سالہ ریاپیڈو میں آٹو چلا رہا تھا ۔ معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر اس کی بیوی اسے چھوڑ کر اپنے بچوں کے ساتھ چلی گئی ۔ جس کے بعد رامو نے کم وقت میں زیادہ رقم کس طرح کمائی جاسکتی ہے وہ یہ سونچ کر اس نے یو ٹیوب اور انسٹاگرام پر ویڈیوز دیکھا اور ایک شخص سے رابطہ کرتے ہوئے نقلی نوٹ بنانے والے تمام اشیاء خریدا اور اپنے ساتھ راماوتھ موتی لال 35 سالہ ، راماوتھ گاندھی 19 سالہ اور سدھیر جان چیلا کو شامل کر کے ان کی مدد سے نقلی نوٹ تیار کرتے ہوئے انہیں شراب کی دکانوں اور ترکاری مارکٹ میں رات کے وقت گردش میں لا رہا تھا اور ساتھ ہی راماوتھ گاندھی کے ذریعے نقلی نوٹوں کو بازار میں گردش کروانے کا کام کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس کو اطلاع ملنے کے بعد بالاپور پولیس کے ہمراہ مل کر دھاوا کرتے ہوئے رامو ، موتی لال اور گاندھی کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ سدھیر جان مفرور بتایا گیا ۔ ان کے قبضے سے 500 ، 200 اور 100 کے نقلی نوٹ جملہ مالیت 2,91,100 روپئے ضبط کرلیے اور ساتھ ہی تین سیل فونس اور ایک بائیک کے علاوہ نقلی نوٹ بنانے میں استعمال ہونے والی تمام اشیاء کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔ پریس کانفرنس میں شمس آباد زون ٹاسک فورس انسپکٹر کرشنا موہن ، بالا پور انسپکٹر سدھاکر ، کے منصور علی ٹاسک فورس سب انسپکٹر اور اسٹاف موجود تھے ۔۔ ش m/b
مائیلار دیوپلی میں روڈی شیٹر کا بے دردی سے قتل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کمشنریٹ کے مائیلار دیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں ایک روڈی شیٹر کا بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق 28 سالہ قاضی سہیل ساکن علی نگر جو روڈی شیٹر تھا کا چہارشنبہ کی صبح تین نامعلوم حملہ آوروں نے میلار دیوپلی کے علاقہ اولڈ کرنول روڈ کے قریب اس پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں اس کی واقع پر ہی موت ہوگئی ۔ سہیل پر متعدد وار کئے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ پرانی دشمنی کی وجہ سے یہ واردات پیش آئی ہے ۔ لاش کو بغرض پوسٹ مارٹم کے لیے دواخانہ عثمانیہ منتقل کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ۔۔ ش m/b
شادی کے دوران رقص ، نوجوان کی قلب پر حملہ سے موت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نارائن پیٹ ضلع کے کوسگی میونسپل حدود کے پوتھی ریڈی پلی گاؤں میں شادی کی تقریب میں ایک 17 سالہ انٹرمیڈیٹ کے طالب علم ڈی جے میوزک پر رقص کررہا تھا کہ اچانک قلب پر حملہ کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ۔ متوفی کی شناخت روی تیجا کی حیثیت سے کی گئی جو کوسگی گورنمنٹ جونیر کالج میں سال اول کا طلب علم تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ روی تیجا اپنے دوست کی بہن کی شادی کی تقریب میں ڈانس کررہا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔ رقص کے دوران نیچے گرنے پر اسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔۔ ش m/b
انسٹاگرام کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے والا شخص عادل آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : عادل آباد ضلع پولیس نے ایک بین ریاستی سائبر مجرم کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر موبائل اسیسریز فروخت کرنے کے نام پر انسٹاگرام کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے میں ملوث تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم پرکاش کمار 22 سالہ ساکن راجستھان نے 19 ریاستوں میں تقریباً 140 متاثرین کو دھوکہ دیا اور انہیں 5.30 کروڑ روپئے سے زیادہ کا مالی نقصان پہنچایا ۔ ضلع ایس پی اکھل مہاجن نے بتایا کہ گرفتار دھوکہ باز کے قبضے سے دو موبائل فون اور ایک لاکھ روپئے ضبط کرلیے ۔ ایس پی نے بتایا کہ سید سمیر ایک موبائل دکان کے مالک نے شکایت کی ۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ 25 جولائی کو انسٹاگرام پر موبائل چارجرس ، ڈسپلے اور دکان کے لیے درکار یگر اسیسریز دستیاب ہے ۔ راج لیڈ ممبئی کے نام سے ایک اکاونٹ اور ایک رابطہ نمبر دیا گیا ۔ جس میں دعویٰ کیا گیا کہ رقم آن لائن ادائیگی کے بعد انہیں سامان کوریر کے ذریعے روانہ کردیا جائے گا ۔ ان دعوؤں پر یقین کرتے ہوئے شکایت کنندہ نے 25 جولائی سے 8 اگست 2026 کے درمیان متعدد آن لائن ادائیگیاں کیس اور QR کوڈ پر 2,18,000 روپئے رقم ادا کی ۔ جس کے بعد اسے رسید بھیجی اور مزید نقل و حمل کے مسائل کا حوالہ دیا اور مختلف وجوہات بتاکر ترسیل میں تاخیر کی ۔ 22 اگست کو جب شکایت کنندہ سے پارسل لینے کے لیے قریبی کوریر آفس جانے کو کہا گیا جہاں ان کا پارسل نہیں ملا ۔ جس کے بعد شکایت کنندہ نے سائبر کرائم ہیلپ لائن نمبر 1930 پر رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی ۔ جس کے بعد اکوڈا پولیس نے تکنیکی شواہد کی مدد سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ ملزم نے 19 ریاستوں میں 140 سے زائد افراد کو اس طرح دھوکہ دیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 5.3 کروڑ روپئے تک کا دھوکہ دیا ۔۔ ش m/b
سوشل میڈیا پر سیاسی قائد کے خلاف قابل اعتراض ریمارک مہنگا ثابت
پولیس کانسٹیبل کے خلاف کمشنر پولیس سائبرآباد کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) سوشل میڈیا پر سیاسی قائد کے خلاف قابل اعتراض ریمارک کرنا ایک پولیس کانسٹیبل کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد ڈاکٹر ایم رمیش نے اس پولیس کانسٹیبل انیل کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے معطل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2018 ء بیاچ سے تعلق رکھنے والے اے آر کانسٹیبل انیل کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا اعلیٰ عہدیداروں نے جائزہ لیا کہ انیل نے حالیہ دنوں ایک سیاسی قائد کے خلاف قابل اعتراض انداز میں ریمارک کیا تھا ۔ کانسٹیبل کی اس حرکت کو اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا اور حکام نے اس بات کی انکوائری کرتے ہوئے مسئلہ کو کمشنر پولیس سے رجوع کردیا۔ سائبرآباد پولیس کمشنر ڈاکٹر ایم رمیش نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل کو معطل کردیا اور احکامات جاری کردیئے ۔ انیل سائبرآباد سے حیدرآباد کے کار ہیڈ کوارٹر میں خدمات انجام دے رہا تھا ۔ ع
سکندرآباد کے مدراس رجمنٹ آرمری سے عصری اسلحہ کا سرقہ
چار افراد بشمول اگنی ویر اور عملہ سے تفتیش ، تحقیقات میں شدت
حیدرآباد : /2 ستمبر (سیاست نیوز) سکندرآباد کے مدراس رجمنٹ آرمری سے عصری اسلحہ کے سرقہ کا کیس جس میں اے کے 203 اسالٹ رائفل ، انساس رائفل اور 6 پستول کے سرقہ کا کیس رونما ہونے کے پس منظر میں ملٹری انٹلیجنس نے اس کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری حاصل کرلی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ یکم ستمبر کو ملٹری کے جوانوں نے بٹالین میگزین اور کورٹ کے قفل ٹوٹے ہوئے پائے جانے پر سرقہ کا شبہ کرتے ہوئے اس کیس میں مزید تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس دوران 1800 کارتوس اور 21 میگزین بھی غائب پائے گئے ۔ ابتداء میں بولارم پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا اور کنٹونمنٹ میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی اسکولوں کو چھٹی دیتے ہوئے آن لائن کلاسیس کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ کنٹونمنٹ اور کینٹین کو جانے والے تمام سڑکوں کو بند کردیا گیا تھا ۔ ملٹری انٹلیجنس نے شبہ کی بنیاد پر 4 افراد بشمول اگنی ویر اور دیگر عملہ کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اسلحہ کا سرقہ کرنے والے افراد نے کنٹونمنٹ کی دیوار کو پھلانگ کر یہ کارستانی انجام دی ۔ اعلیٰ سطح کی تحقیقات کے فیصلہ کے بعد ملٹری انٹلیجنس نے اس کیس کی تحقیقات میں مزید شدت پیدا کردی ہے ۔ بy/
میڑچل میں نقلی ڈاکٹرس کا پردہ فاش
دو ڈاکٹرس گرفتار ، قطب اللہ پور اسپیشل آپریشن ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر کے مضافاتی علاقوں میں نقلی ڈاکٹرس کی تلاش کی جارہی ہے ۔ پولیس کی جانب سے عوام کو دھوکہ میں رکھتے ہوئے بغیر کسی سند علاج معالجہ کرنے والوں کو تلاش کیا جارہا ہے ۔ قطب اللہ پور اسپیشل آپریشن ٹیم کی جانب سے میڑچل زون میں کارروائیاں انجام دی گئیں اور دو نقلی ڈاکٹرس کا پردہ فاش کیا گیا ۔ پولیس نے انجیا گوڑ اور سدھاکر چاری نامی دو افراد کو گرفتار کرلیا جو علاقوں میں کلینک چلا رہے تھے ۔ ایس او ٹی کی جانب سے ان کی تلاشی لی گئی اور مکمل جانچ کے بعد انہیں تحویل میں لے لیا گیا ۔ ایس او ٹی کے مطابق یہ دو افراد خود کو ڈاکٹرس ظاہر کرتے ہوئے عوام کا علاج کررہے تھے ۔ جن کے یہاں کوئی سند یا پھر کسی قسم کی کوئی ڈگری اور میڈیکل پریکٹس کا کوئی اجازت نامہ نہیں تھا ۔ ان نقلی ڈاکٹرس کی سرگرمیوں پر کلینک سے سامان کو بھی پولیس نے ضبط کیا ۔ بغیر اہلیت اور سند کے علاج کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا جارہا تھا اور انسانی صحت سے کھلواڑ کی جارہی تھی ۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں ان دنوں موسمی بخارات کا سلسلہ جاری ہے اور کلینکس سے رجوع ہونے والی عوام کو عام ادویات دی جارہی ہیں ۔ بغیر کسی قابلیت اور تجربہ کے دی جانے والی ادویات انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں ۔۔ ع m/b
۔ ایس او ٹی نے ان دونوں نقلی ڈاکٹرس کو میڑچل پولیس کے حوالے کردیا ۔۔ ع m/b