بی سی سی آئی نے کیا فیصلہ ۔ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کا 15 اگسٹ سے آغاز ہوگا
نئی دہلی 3 اگسٹ ( ایجنسیز ) جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر عاقب نبی کو ٹیم انڈیا میںجگہ مل گئی ہے ۔ کرکٹ کنٹرول بورڈ نے انہیںسری لنکا کے خلاف 15 اگسٹ سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کیلئے جسپریت بمراہ کی جگہ ٹیم میںطلب کیا ہے ۔ جسپریت بمراہ زخمی ہیں اور ابھی وہ پوری طرح فٹ نہیں ہوئے ہیں۔ 29 سالہ عاقب نبی کا تعلق بارہمولہ سے ہے اور وہ قومی ٹیم میں جگہ پانے والے جموں و کشمیر کے دوسرے کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل پرویز رسول ٹیم انڈیا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ گذشتہ دو گھریلو کرکٹ سیزن میںشاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود عاقب نبی کو گذشتہ سیریز میںموقع نہیں مل پایا تھا ۔ اس سال جموں و کشمیر نے رانجی ٹرافی بھی جیتی ہے ۔ عاقب نبی نے گذشتہ دو رانجی ٹرافی سیزن میں جملہ 104 وکٹیںحاصل کی ہیں۔ ان میں2025-26 سیزن میں لی گئیں 60 وکٹیںبھی شامل ہیں۔عاقب نبی کو انڈیا اے ٹیم میںشامل کیا گیا تھا جس نے حال ہی میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے وہاں دو میچس میں چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ جسپریت بمراہ اپنے زخم کا علاج کروا رہے ہیں اور ابھی وہ فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔ 15 اگسٹ سے پہلا ٹسٹ کھیلا جانا ہے جبکہ دوسرا ٹسٹ 23 اگسٹ سے شروع ہوگا ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ اگر ان میچس تک بمراہ فٹ ہو بھی جاتے ہیں تو انہیں ٹسٹ کرکٹ سے میدان پر واپسی نہیں کرنی چاہئے کیونکہ ٹسٹ کرکٹ میں بولرس پر زیادہ دباؤ اور ذمہ داری ہوتی ہے ۔ بمراہ نے زخم سے صحتیابی کے بعد آئی پی ایل میں حصہ لیا تھا تاہم حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران ان کا زخم بڑھ گیا تھا جس کے بعد علاج جاری ہے ۔وہ مکمل صحتیابی سے قبل میدان پر واپسی کرکے دوبارہ زخم کو گہرا کرنا نہیں چاہتے ۔