حافظ قرآن معین الدین احمد مجتبی کا تاریخی کارنامہ

   

نارائن پیٹ کے کم عمر حافظ قرآن نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن کی تلاوت کی

نارائن پیٹ ۔ 16ستمبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ کے نو عمر ہونہار طالب علم حافظ معین الدین احمد مجتبیٰ نے ایک ہی نشست میں مکمل حفظِ قرآن کی تلاوت کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ محض دو سال کے قلیل عرصے میں حفظِ قرآن مکمل کرنے والے طالب علم کا شاندار کارنامہ، ممتحن حفاظ کی خصوصی تشریف آوری15 ستمبر 2026ء ، مدرسہ صوفیہ، بھیونڈی کالونی، نارائن پیٹ کے انتہائی ہونہار طالب علم حافظ معین الدین احمد مجتبیٰ ولد جناب علی احمد تاچی نے ایک ہی نشست میں فجر سے لے کر عشاء تک مکمل حفظِ قرآن مجید سنانے کی عظیم سعادت حاصل کی ہے۔ حافظ معین الدین احمد مجتبیٰ نے محض دو سال کے انتہائی قلیل عرصے میں قرآنِ کریم کو اپنے سینے میں محفوظ کر کے یہ عظیم مرتبہ حاصل کیا ہے۔اس تاریخی امتحان کے لیے بیرونی مقامات سے ممتحن حفاظِ کرام نے خصوصی طور پر تشریف لا کر نگرانی کے فرائض انجام دیے۔ ان مقتدر اور جید ممتحن حفاظِ کرام کی سخت نگرانی میں تلاوت کا یہ مبارک سلسلہ صبح فجر کے بعد شروع ہوا، جو رات 9:30 بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔ تمام مہمانوں نے مدرسے کے ذمہ داران اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی ہمت افزائی کی اور ہونہار طالب علم کے والدین کی دستار بندی و عزت افزائی کی۔تقریب میں ناظمِ عیدگاہ حافظ محمد چاند پاشا (لکچرر) اور مسجدِ عمرؓ بن خطاب کے پیش امام مولانا حافظ و قاری فاروق احمد بنمخاشن نے خصوصی شرکت کی۔