حج 2023 کے ٹرینرس کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کی تربیتی کلاسیس،صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کی شرکت، عازمین حج کو موثر رہنمائی کی ہدایت

   

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2023 کے منتخب عازمین حج کی موثر رہنمائی کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک بھر کے حج ٹرینرس کیلئے ایک روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔ ورچول منعقدہ اس پروگرام میں تلنگانہ کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں کے حج ٹرینرس نے حصہ لیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین محمد سلیم، ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عہدیداروں نے حج کمیٹی کے دفتر سے آن لائن پروگرام میں حصہ لیا جبکہ ضلع حج سوسائٹیوں کے نمائندوں نے آن لائن شرکت کی۔ ٹریننگ پروگرام میں سعودی حکومت کی جانب سے حج کے سلسلہ میں نئی تبدیلیوں سے واقف کرایا گیا۔ عازمین حج کو روانگی سے واپسی تک کے احتیاطی اقدامات اور فرائض و مناسک حج سے واقف کرانے پر زور دیا گیا۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ کے علاوہ مفتی محمد منظور ضیائی، چرن پریت سنگھ بخشی جائنٹ سکریٹری وزارت اقلیتی امور، شاہد عالم قونصل جنرل جدہ، محمد ہاشم قونصل حج جدہ کے علاوہ کسٹمس، ایمیگریشن اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے حصہ لیتے ہوئے حج انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ میں ہمیشہ کی طرح تربیتی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ اسی دوران تلنگانہ کے منتخب عازمین حج کو ضروری پیامات سے متعلق ایس ایم ایس کی عدم وصولی کے نتیجہ میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ عازمین حج کو اہم معلومات کیلئے اخبارات پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے ضروری پیامات کے ایس ایم ایس موصول ہورہے ہیں جبکہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے ایس ایم ایس روانگی کا کوئی سسٹم تیار نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں حکومت کی اجازت ضروری ہے۔ تربیتی کیمپ، اقساط کی ادائیگی، حج کیمپ کے آغاز اور دیگر معلومات کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کو ایس ایم ایس سسٹم متعارف کرتے ہوئے عازمین حج کو باخبر رکھنا چاہیئے۔ر
نواب پیٹ وقارآباد کے بی سی ہاسٹل کے طلبہ بھوکے سونے پر مجبور، وارڈن کی زیادتیاں
حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) وقارآباد ضلع کے مقام نواب پیٹ میں پسماندہ طبقات کے طلبہ کے ہاسٹل میں بچے بھوکے پیٹ سونے پر مجبور ہیں۔ ہاسٹل کا وارڈن زور زبردستی کررہا ہے اور کہتا ہے کہ بچے وہ جو کھلائے کھائیں، زیادہ کھانا نہ مانگیں، بچے زیادہ کھانا مانگتے ہیں تو ان پر وارڈن زیادتیاں کرتا ہے۔ گالی گلوج اور مارپیٹ کرتا ہے۔ صبح کے اوقات میں 30 طلبہ کو پینے کے لئے صرف آدھا لیٹر دودھ دیا جاتا ہے۔