فضائیہ کے سابق سربراہ آر پی چودھری کا اعلان، ہر سال جون کے دوسرے جمعہ کو منعقد ہوگا
حیدرآباد۔ 23 جون (سیاست نیوز) مادر وطن کے تحفظ اور سرفرازی کیلئے زندگی وقف کرنے والے حیدرآباد کے عظیم سپوت اور انڈین ایئرفورس (IAF) کے اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہونے والے واحد حیدرآبادی سابق ایئر چیف مارشل ادریس حسن لطیف کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے اب ہر سال خصوصی یادگاری لکچر منعقد کیا جائے گا۔ دفاعی ماہرین اور ایئر فورس اسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ اس عظیم شخصیت کی بے مثال حب الوطنی اور خدمات کے تعلق سے نئی نسل تک معلومات فراہم کرنے ہر سال سالانہ ادریس حسن لطیف میموریل لکچر کا اہتمام کیا جائے گا۔ ایئر مارشل ادریس حسن لطیف کی حب الوطنی کی مثالیں تاریخ کا حصہ ہیں۔ 1947 میں ملک کی تقسیم کے وقت انہیں سرحد پار (پاکستان) سے انتہائی پرکشش اور اعلیٰ ترین فوجی عہدوں کی پیشکش کی گئی تھی لیکن اس سچے حیدرآبادی سپوت نے تمام ترغیبات کو یکسر ٹھکرا دیا۔ انہوں نے اس تاریخی موقع پر فخر سے اعلان کیا تھا کہ ’میری سانس اور میری خدمت صرف اس ہندوستان کیلئے ہے‘۔ انہوں نے مرتے دم تک اپنے اس عہد کو نبھایا۔ واضح رہے کہ وہ 2018 میں اس فانی دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔ ادریس حسن لطیف 9 جون 1923 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے حیدرآباد کے نامور نظام کالج سے ڈگری کی تعلیم حاصل کی اور اسی دوران ان کا انتخاب ’رائل انڈین ایئر فورس‘ کیلئے ہوا ۔ 1971 ہند۔ پاک جنگ کے دوران وہ اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس جنگ میں فضائی حملوں کے تمام اہم اور منصوبے انہوں نے خود تیار کئے تھے۔ ملک کی اس تاریخی فتح میں ان کے شاندار اور فیصلہ کن کردار پر حکومت ہند نے انہیں پدم و شیشٹ سیوا میڈل (PVSM) سے نوازا ۔ انہوں نے سال 1978 میں ہندوستانی فضائیہ کے 10 ویں سربراہ (Chief of Air Staff) کے طور پر کمان سنبھالی اور اپنی جدید سوچ سے انڈین ایئر فورس کا پورا چہرہ بدل کر رکھ دیا۔ فوج سے سبکدوشی کے بعد مہاراشٹرا گورنر اور فرانس میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں ۔ حیدرآباد کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ فضائیہ کے سابق سربراہ آر پی چودھری نے بتایا کہ حیدرآباد کے اس عظیم سپوت کی یاد میں ہر سال جون کے دوسرے جمعہ کو حیدرآباد میں ایک پروقار یادگاری لکچر منعقد کیا جائیگا جس میں ملک کے نامور دفاعی ماہرین، فوجی حکام و دانشور شرکت کریں گے۔ 2؍F k/b/