گڑگاؤں، 14 ستمبر (آئی اے این ایس) ہریانہ کے گڑگاؤں میں ایک خاتون بائیکر نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک کار ان کا بار بار تعاقب کرتی رہی، پھر ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئی۔ واقعہ کے بعد خاتون شدید خوف زدہ ہوگئیں اور شہر میں سڑکوں پر ٹریفک سیفٹی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ خاتون نے واقعہ کے بعد کہا میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں، لیکن آج گڑگاؤں کی سڑکوں پر میں نے خود کو غیر محفوظ محسوس کیا۔ ایسے لوگوں کو ٹکر مارنے اور پھر فرار ہونے کا بھی خوف نہیں ہوتا۔ خود کو سیا بتانے والی بائیکر، جو سیا ربیل وہیل کے نام سے انسٹاگرام پیج چلاتی ہیں، انہوں نے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئرکی اور ٹکر سے قبل پیش آنے والے واقعات کی تفصیل بیان کی۔ سیا کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب وہ اپنے بائیکنگ گروپ کے ارکان کے ساتھ گالف کورس روڈ پر اپنی اپریلیا آر ایس 457 اسپورٹس بائیک چلا رہی تھیں۔خاتون کو ٹکر مار فرار ہونے والی کار کا ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائر ل ہوگیا ۔سوشل میڈیا پر عوام نے اس پر تبصرے کرتے ہوئے سڑک حادثوں اور خواتین کے تحفظ پر سوالات اٹھائے ہیں ۔