خانگی میڈیکل کالجس ‘ پریکٹیکل امتحانات میں ’نذرانہ‘ دینے کے الزامات

   

پی جی طلبہ سے 5 لاکھ اور ایم بی بی ایس طلبہ سے 10 تا 50 ہزار وصولی کی شکایت ، یونیورسٹی کا انتباہ
حیدرآباد۔ 14 فروری (سیاست نیوز) طبی تعلیم میں تھیوری کے ساتھ پریکٹیکل بھی بہت اہم ہے۔ بہتر تعلیم حاصل کرنے والے ہی امتحان میں کامیاب ہوکر صحیح علاج کرسکتے ہیں۔ پریکٹیکل جیسے اہم امتحانات میں طلبہ سے رقم وصول کرکے کامیاب بنانے کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔ پی جی طلبہ سے ایک لاکھ تا 5 لاکھ روپئے، ایم بی بی ایس کے طلبہ سے ہر سبجیکٹ کے پریکٹیکل امتحان کیلئے 10 تا 50 ہزار روپئے وصول کرنے کے الزامات ہیں۔ ہر کالج میں ہر سبجیکٹ کی علیحدہ قیمت مقرر ہے۔ پریکٹیکل امتحانات کیلئے دیگر کالجوں سے آنے والے ایگزامینر کی رشوت کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے۔ شکایات ملنے کے بعد کالوجی نارائن ہیلتھ یونیورسٹی ، ورنگل نے میڈیکل کالجس کو انتباہ دیا کہ اگر پریکٹیکل امتحانات میں بے ضابطگیوں کی تصدیق ہوتی ہے تو ان کالجس کو ’بلیک لسٹ‘ کردیا جائے گا اور وہاں دوبارہ پریکٹیکل امتحانات نہیں لئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ہیلتھ یونیورسٹی نے ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی میڈیکل کالجس کے پرنسپلس کو احکام جاری کردیئے ہیں۔ پریکٹیکلس کے ہر امتحان کیلئے 4 ممتحن کی ضرورت ہوتی ہے جس میں دو ممتحن کا تعلق اسی میڈیکل کالج سے ہوتا ہے جبکہ دیگر کالج سے ایک اور دوسری ریاست سے ایک ممتحن ہوتا ہے۔ ایم بی بی ایس کیلئے دو ریاست کے کسی اور کالج سے ایگزامینر کا انتخاب ہوتا ہے۔ بیرونی ریاست سے جو ممتحن آرہے ہیں، اُنہیں رقم دینے طلبہ سے غیرقانونی طور پر پیسے وصول کئے جارہے ہیں۔ بعض خانگی کالجس ، ایسے ایگزامینرس کو تمام تر سہولتیں دی جارہی ہیں اور بعض ایگزامینر تو فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ایک میڈیکل کالج نے جنرل سرجری کے شعبہ میں 10 پی جی طلبہ سے فی کس 5 لاکھ روپئے وصول کرکے جملہ 50 لاکھ روپئے وصول کرلئے جس میں آدھی رقم باہر سے آئے ممتحن کو دی گئی ، مابقی آدھی رقم اس کالج کے پروفیسرس میں تقسیم کئے گئے۔ بعض میڈیکل کالیجس میں بھی غیرقانونی وصولیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری میڈیکل کالج کے پروفیسرس ، خانگی میڈیکل کالیجس کی جانب سے پیش کئے جانے والے نذرانے کو دیکھ کر بحیثیت ایگزامینر خانگی کالیجس میں ڈیوٹی کیلئے یونیورسٹی میں پیروی کرنے کے الزامات عائد ہورہے ہیں اور بعض مقامات پر پی جی طلبہ بھی ان سے امتحان سے پہلے ملاقات کرکے مارکس کیلئے نمائندگی کررہے ہیں۔ 2