دستور اور جمہوریت کے نفاذ میں قانون ساز اداروں کا اہم رول

   

پٹنہ میں آل انڈیا پریسائیڈنگ آفیسرس کانفرنس، اسپیکر پرساد کمار اور صدرنشین سکھیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج نے بہار کے پٹنہ میں آل انڈیا پریسائیڈنگ آفیسرس کی 85 ویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔ دستور کو اختیار کئے جانے کے 75 سال کی تکمیل پر کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا ہے۔ اسپیکر پرساد کمار نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کے رول کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں دستوری اقدار کے استحکام میں مقننہ اہم رول ادا کرتا ہے۔ اُنھوں نے دستور کے 75 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ پرساد کمار نے کہاکہ دستور ہند کے عین مطابق پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جاتی ہے جس سے جمہوریت کو استحکام حاصل ہوتا ہے۔ عوام کے حقوق کا دستور کے اعتبار سے تحفظ کرنا مقننہ کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رائٹ ٹو انفارمیشن، جی ایس ٹی، تعلیم، ہیلت کیئر اور سماجی انصاف کے شعبوں میں پارلیمنٹ نے غیرمعمولی قانون سازی کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دستور ہند میں مساوات کی ضمانت دی گئی ہے۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی دستور کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق کام کررہی ہے۔ اسمبلی میں ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق قوانین کو منظوری دی گئی۔ پرساد کمار نے کہاکہ زراعت، معیاری تعلیم، بہتر طبی خدمات، سماجی اسکیمات اور بنیادی ضرورتوں کی تکمیل پر اسمبلی نے توجہ مرکوز کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کی توقعات کے عین مطابق بھو بھارتی قانون منظور کیا گیا جس کے تحت کسانوں کی اراضیات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ نوجوانوں کو مختلف اسکل ڈیولپمنٹ کورسیس سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام کا قانون اسمبلی میں منظور کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کسانوں کی بھلائی کے لئے زائد فنڈس جاری کئے گئے ہیں۔ حکومت نے اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کے میس چارجس میں اضافہ کیا ہے۔ اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کی بہتر کارکردگی کے لئے چیف منسٹر، وزراء، ارکان اسمبلی اور سینئر عہدیدار وقفہ وقفہ سے معائنہ کررہے ہیں۔ اسپیکر نے تلنگانہ میں عمل کی جارہی فلاحی اسکیمات کی تفصیل بیان کی۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے قانون ساز اداروں کے ذریعہ عوامی حقوق کے تحفظ کو اُجاگر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ قانون ساز ادارے جمہوریت کے استحکام اور دستور پر عمل آوری میں اہم رول ادا کریں گے۔ اُنھوں نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ 1