29 ہزار کنٹراکٹ ملازمین کو 5500 روپئے بونس، کارپوریٹ طرز کی طبی سہولتیں، ریاستی وزراء کا اعلان
حیدرآباد 13 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سنگارینی کالریز کے ملازمین کے لئے دسہرہ کے تحفہ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 29717 کنٹراکٹ ملازمین کو 5500 روپئے بونس دیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنگارینی ملازمین کے لئے دسہرہ فیسٹیول بونانزا کا اعلان کیا۔ سنگارینی کالریز کے ہر مستقل ملازمین کو کمپنی کے منافع میں فی کس 153912 روپئے حصہ داری دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس فیصلہ سے 38737 مستقل ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ اِس کے علاوہ 29717 کنٹراکٹ ملازمین کے لئے فی کس 5500 روپئے بونس کا اعلان کیا گیا۔ حکومت نے سنگارینی کالریز کے مجموعی منافع کا 34 فیصد ملازمین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ برسوں کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے منافع کی رقم میں ملازمین کو حصہ داری دی جائے گی۔ کمپنی نے جاریہ سال جملہ 1754 کروڑ کا منافع حاصل کیا ہے جس میں سے 596 کروڑ روپئے ملازمین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حکومت مستقل اور کنٹراکٹ ملازمین کے بھلائی کے اقدامات میں سنجیدہ ہے۔ گزشتہ سال بھی کنٹراکٹ ملازمین کو بطور بونس 5500 روپئے ادا کئے گئے تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے ہاؤزنگ کے زمرہ میں ملازمین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور ورکرس کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے اُنھیں ذاتی مکان کی فراہمی کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سنگارینی کے حدود میں ایسی اراضیات کی نشاندہی کریں جہاں ابھی تک کانکنی شروع نہیں کی گئی۔ سابق وزیراعظم پنڈت جواہرلال نہرو کے نام سے ہاؤزنگ کالونی کے قیام کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے ملازمین کے زیرکفالت افراد کو روزگار کی فراہمی سے متعلق 250 تا 300 درخواستوں کی اندرون 15 یوم یکسوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 136 تا 170 درخواستوں کی یکسوئی کی جائے گی جو ورکرس کے نام کی تبدیلی کے لئے داخل کی گئی ہیں۔ ملازمین کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ماہ میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ملازمین کو طبی معائنوں کے لئے کتہ گوڑم جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ مقامی تمام ایریا ہاسپٹلس میں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ کوویڈ 19 کے دوران غیر حاضری پر جن ملازمین کی خدمات کو ختم کردیا گیا تھا اُنھیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے سنگارینی انتظامیہ کو ہر 6 ماہ کے دوران ورکرس کو سیفٹی کٹس فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سنگارینی کے تحت تمام ایریا ہاسپٹلس کو کارپوریٹ سطح کے ہاسپٹلس میں تبدیل کیا جائے گا۔ سنگارینی کے حدود میں سولار برقی کے استعمال کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گزشتہ برسوں کے مقابلہ سنگارینی کے منافع میں کمی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے الزام عائد کیاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے 10 برسوں میں اضافی کول بلاکس حاصل نہیں کئے جس کے نتیجہ میں کمپنی کی سرگرمیاں محدود ہوگئیں۔ کانگریس حکومت نئے کول بلاکس کے حصول کے اقدامات کررہی ہے۔ پریس کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری نوین متل، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز ڈاکٹر بدھا پرکاش جیوتی، ارکان اسمبلی پریم ساگر راؤ، مکھن ساگر راج ٹھاکر، کے کنکیا، ایم راگا مائی، پی وینکٹیشورلو، ایم رام داس نائک، جی ستیہ نارائن راؤ اور وجئے رمنا راؤ نے شرکت کی۔V/1