دوسرے ٹسٹ کیلئے پاکستانی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

   

ویسٹ انڈیز میں دوسرے ٹسٹ کا آج آغاز ، شفیق اور شکیل کی واپسی متوقع، میزبان ٹیم 0-1 سے آگے

پورٹ آف اسپین، یکم اگست (یو این آئی) ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری مقابلے سے قبل پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، جبکہ شان مسعود کی انجری کے باعث سیریز اور آئندہ دورئہ انگلینڈ سے باہر ہونے کے بعد عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کی پلیئنگ الیون میں واپسی متوقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق شان مسعود کمر کی شدید تکلیف کے باعث سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سعود شکیل کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ دونوں کھلاڑی ٹیم کے تربیتی سیشن میں بھی شریک ہوئے ، جبکہ اویس ظفر بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، تاہم اہم میچ میں تجربہ کار بلے بازوں کو ترجیح دیئے جانے کا امکان زیادہ ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ایک ممکنہ ٹیم ترکیب کے تحت عبداللہ شفیق تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے ، جبکہ بابر اعظم اپنی پسندیدہ چوتھی پوزیشن پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ سات ماہر بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اترنے کے آپشن پر بھی غور کر رہی ہے ، جس کی صورت میں سعود شکیل کی پلیئنگ الیون میں واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ بولنگ شعبے میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔ پہلے ٹسٹ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی رفتار ویسٹ انڈیز کے پیسرز کے مقابلے میں کم رہی، جس کے باعث نوجوان تیز رفتار فاسٹ بولر عبید شاہ کو موقع دیئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق اگر دوسرے ٹسٹ کی پچ بھی فاسٹ بولرز کیلئے سازگار ثابت ہوئی تو ٹیم انتظامیہ ایک اسپنر کم کر کے اضافی بلے باز یا ایک اور فاسٹ بولر شامل کرنے پر بھی غور کر سکتی ہے ۔ دو ٹسٹ کی سیریز کا پہلا میچ میزبانوں نے رواں ہفتے کے اوائل میں 90 رنز سے جیتا تھا۔ اسپن بولنگ آل راؤنڈر روسٹن چیز کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے حوصلے بلند ہیں۔ پہلے ٹسٹ میں پیس بولر جسٹس گریوز 5/27 اور 2/12 کے ساتھ میچ کے ہیرو رہے تھے۔