سابق وزیر پرشانت ریڈی کی کسانوں سے ملاقات اور مسائل سے واقفیت
نظام آباد۔ 14 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بالکنڈہ کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر پرشانت ریڈی نے دھان خریداری کے عمل میں تاخیر اور انتظامی لاپرواہی پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔ مسٹر پرشانت ریڈی آج مینڈورا منڈل کے دودگاؤں گاؤں میں قائم دھان خرید مرکز کا اچانک دورہ کیا اور کسانوں سے راست بات کرتے ہوئے ان کے مسائل معلوم کی کسانوں نے بتایا کہ گزشتہ دس دنوں سے دھان کے ڈھیر خرید مرکز پر موجود ہیں لیکن نہ تو گنی بیگ دستیاب ہیں اور نہ ہی لاریوں کا انتظام کیا جا رہا ہے جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔رکن اسمبلی بالکنڈہ مسٹر پرشانت ریڈی نے اس موقع پر ہی ضلع سپلائی آفیسر (DSO) سے فون پر بات کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ دودگاؤں جیسے بڑے گاؤں کیلئے صرف چھ ہزار گنی بیگ روانہ کرنا ناکافی ہے اور فوری طور پر مزید بیگ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثناء پرشانت ریڈی نے مینڈورا منڈل مرکز میں مکئی خریداری کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور گنی بیگ کی شدید قلت پر مارک فیڈ ڈی ایم سے فون پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 تا 12 ہزار مکئی کی بوریاں خریداری کیلئے تیار ہیں لیکن بیگ نہ ہونے سے عمل رکا ہوا ہے۔ انہوں نے فوری طور پر 12 ہزار گنی بیگ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کسانوں کو یقین دلایا کہ ان کی ہر دانہ فصل خریدی جائے گی اور وہ مسلسل عہدیداروں سے رابطہ میں رہیں گے۔