دہشت گرد کو روکنے کی کوشش میں پاکستانی باپ بیٹا شہید

   

کرائسٹ چرچ ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ کرنیوالے دہشت گرد کو روکنے والاپاکستان کا قابل فخر شہری نعیم راشد بھی حملے میں شہید ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق شہید نعیم راشد کا تعلق ایبٹ آباد (پاکستان ) سے تھا اور اس کا بیٹا طلحہ نعیم بھی حملے میں شہید ہوا ہے۔نیوزی لینڈ میں ہوئے اس دہشت گرد حملے میں زخمیوں میں سے ایک کا تعلق کراچی سے جبکہ دوسرے کا حافظ آباد سے بتایا جاتا ہے۔حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے محمد امین اپنے بیٹے کے ہمراہ جمعے کی نماز ادا کرنے گئے تھے، انہیں دو گولیاں لگی ہیں۔دوسری جانب کرائسٹ چرچ کی النور مسجد میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے 27 سالہ اریب کا تعلق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا سے ہے وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی جانب سے نیوزی لینڈ بھیجا گیا تھا۔ غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں 3 کا تعلق بنگلہ دیش اور 2 کا اردن سے ہے ،جبکہ 9 ہندوستانی شہری ، 5 پاکستانی ،3 ترک اور 2 افغان شہری لا پتہ ہیں۔حملے کے زخمیوں میں انڈو نیشیا کے 2 شہری بھی شامل ہیں۔