نئی دہلی 15 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایس ڈبلیو اے پی کے کمانڈوز، قومی سلامتی کے نشانہ باز اور چہرے کی شناخت کرنے والے سافٹ ویر کی تعیناتی سخت صیانتی انتظامات کا حصہ ہیں جو لال قلعہ کے علاقہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کے پیش نظر کئے جارہے ہیں۔ تقریباً 500 سی سی ٹی وی کیمرے مقام تقریب کے اطراف و اکناف نصب کئے گئے ہیں جہاں وزراء، اعلیٰ سرکاری عہدیدار اور غیر ملکی اہم شخصیتوں کے علاوہ عام آدمی بھی وزیراعظم کا قوم سے خطاب سننے کے لئے جمع ہوں گے۔ فوج، نیم فوجی تنظیموں کے ارکان عملہ اور دہلی پولیس کے 20 ہزار ارکان عملہ بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ لال قلعہ جانے والی تمام سڑکوں پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور پولیس ملازمین کھوجی کتوں کی مدد سے شمالی اور وسطی دہلی سے آنے والی گاڑیوں کی تلاش میں مدد لے رہے ہیں۔ لال قلعہ جانے والی تمام سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ پولیس کی بھاری جمعیت ہر مقام پر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں تعینات کی گئی ہے۔ مشتبہ افراد کی شناخت کے لئے پولیس کیمرے استعمال کررہی ہے۔ چہروں کی شناخت کے لئے ٹیکنالوجی زیراستعمال ہے۔ڈرون طیاروں کا پتہ چلایا جارہا ہے۔