نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن ڈاکٹر ونے سہستر بُدھے نے آج راجیہ سبھا میں حکومت سے ہندوستانی روایتی موسیقی اداروں کو تحفظ اور فروغ دینے کے ساتھ ہی بھارت رتن لتا منگیشکر کے نام پر ایک روایتی موسیقی ادارے (انسٹی ٹیوٹ) کے قیام کا مطالبہ کیا۔ڈاکٹر سہستربدھے نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تانپورہ، وینا، دل بہار جیسے روایتی موسیقی آلات کا ہندوستانی لوک گیتوں اور سنگیتوں (موسیقی) میں استعمال ہوتا ہے ۔ حالانکہ یہ صنعت خاندانی بن کر رہ گئی ہے اور ملک میں مہاراشٹر، اتر پردیش اور تمل ناڈو کے کچھ علاقوں میں یہ آلات بنائے جا رہے ہیں۔ ان آلات نے بھی ہندوستانی موسیقی کی روایت کو تقویت بخشنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ، لیکن انھیں بنانے والوں کو اعزاز و احترام نہیں مل رہا ہے ۔