روس ۔ یوکرین جنگ: مہلوک فوجیوں کی تعداد 13ہزار تک پہنچ گئی

   

ماسکو؍ کیف : یوکرین کے ایک اعلی عہدے دار نے جمعہ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ روس کی یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 13 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ایک اعلیٰ مشیر نے فوجی سربراہوں کے حوالیسے بتایا کہ 24 فروری کو روس کے حملہ کے بعد سے اب تک جنگ میں 10,000 سے 13,000 یوکرینی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ یوکرین کی فوجی ہلاکتوں پر شاذ ونادر سامنے آنے والا بیان تھا اور ہلاکتوں کی یہ تعداد مغربی قائدین کے اندازوں سے بہت کم تھی۔ یوکرین کے صدر کے مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے جمعرات کو چینل 24 ٹی وی پر کہا کہ ہمارے پاس جنرل سٹاف کے سرکاری اعداد و شمار ہیں۔ ہمارے پاس اعلیٰ کمانڈ کے سرکاری اعداد و شمار ہیں، اور ان کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 10 ہزار اورساڑھے بارہ ہزار سے تیرہ ہزار کے درمیان ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی خاصی زیادہ ہے۔ یوکرین کی فوج نے ایسے اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کی ہے اور کسی یوکرینی اہل کار کی جانب سے ایسی تعداد کی فراہمی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ آخری بار ایسا بیان اگست میں سامنے آیا تھا جب مسلح افواج کے سربراہ نے کہا تھا کہ تقریباً 9000 فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ جون میں پوڈولیاک نے کہا تھا کہ جنگ میں اب تک کی کچھ انتہائی شدید لڑائی اور خونریزی میں ہر روز 200 فوجی ہلاک ہو رہے ہیں۔