سب کا ساتھ ‘ سب کا وکاس ہی ایک نئے ہندوستان کا راستہ : وزیر اعظم مودی

,

   

حکومت کی جانب سے بچوں کی نشو و نما ‘ ٹیکہ اندازی اور صفائی پر خصوصی توجہ : ورنداون میں تقریب سے خطاب

ورنداون ( یو پی ) 11 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ایک طاقتور نیا ہندوستان اس وقت تک نہیں بنایا جاسکتا جب تک اس کے بچے صحتمند نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے بہتر نشو و نما ‘ ٹیکہ اندازی اور صفائی پر خاص توجہ دی ہے تاکہ اس سمت میں پیشرفت ہوسکے ۔ ورنداون میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس ہی ایک نئے ہندوستان کا راستہ ہے ۔ موید نے کہا کہ ہندوستان نے سامراجی اقتدار کا طویل دور دیکھا ہے ۔ یہاں غربت رہی ہے اور ملک کے بچے اس کا سب سے زیادہ شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایک مستحکم عمارت کیلئے ایک مضبوط بنیاد کے پتھر کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح ایک نئے ہندوستان کیلئے بہتر نشو و نما پانے والے صحتمند بچے ضروری ہیں۔ اگر بچے کمزور ہوجائیں تو پھر ترقی کمزور ہوجاتی ہے ۔ یہاں تقریب میں شرکت کے بعد مودی نے کچھ بچوں کو کھانا بھی کھلایا اور ملک میں بھوک کا خاتمہ کرنے کیلئے سرگرم ایک این جی او کی ستائش کی ۔ یہ تقریب اکشئے پاترا فاونڈیشن کی جانب سے منعقد ہوئی تھی جو بنگلورو سے کام کرنے والی ایک تنظیم ہے اور وہ حکومت کے ساتھ کام کرتے ہوئے مڈ ڈے میل فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 55 مہینوں میں حکومت نے صحت ‘ خاص طور پر بچوں اور ماووں کی صحت پر خاص توجہ دی ہے ۔ حکومت نے بچوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند نئے ہندوستان کی بنیاد نشو و نما ‘ ٹیکہ اندازی اور صفائی سے رکھی جا رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور مستقبل کے منصوبوں کا بھی حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن اندرا دھنش کے حصے کے طور پر 3.4 کروڑ بچوں کو ٹیکے دئے گئے ۔ 90 لاکھ حاملہ خواتین کا اس اسکیم کے تحت احاطہ کیا گیا اور جس طرح سے یہ پروگرام آگے بڑھ رہا ہے ایسا لگتا ہے کہ مکمل ٹیکہ اندازی کا نشانہ اب زیادہ دور نہیں رہ گیا ہے ۔