سعودی میں اب شادی کے کنٹراکٹس میں دلہن کی جانب سے ڈرائیونگ کی اجازت دینے کی شق بھی شامل

   

دمام ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی سیلز مین معید نے ابھی ابھی اپنی شادی کی تیاریاں شروع کی ہیں جبکہ اس کی منگیتر نے شادی کے کنٹراکٹ میں ایک اور شق کا اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے اور یہ خواہش وہ ہے جس کیلئے ایک سال قبل ہی سعودی عرب میں قانون سازی کی جاچکی ہے۔ جی ہاں! خواتین کو کار ڈرائیو کرنے کی جازت۔ یاد رہیکہ سعودی عرب کے روایتی قدامت پسند سماج میں شادی کے کنٹراکٹ خواتین کے تحفظ کا ایک ذریعہ ہوا کرتے تھے جن میں ایسے مطالبات کی شقیں شامل کی جاتی تھیں جن کے بارے میں یہ شک ہو کہ شوہر اور اس کے ارکان خاندان پورا نہیں کریں گے۔ عام طور پر ہونے والی دلہن ذاتی مکان، کام کرنے والی نوکرانی اور شادی کے بعد پڑھائی جاری رکھنے یا ملازمت کرنے کی شرائط کنٹراکٹ میں شامل کرواتی ہیں تاہم گذشتہ سال سعودی مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد شادی کے معاہدوں میں نئی دلہن ؍ بیوی کو کار ڈرائیو کرنے کی اجازت دینے کی شق بھی شامل کی جارہی ہے۔ 29 سالہ معید جس کی جاریہ ماہ شادی ہونے والی ہے، نے بھی شادی کے کنٹراکٹ میں اپنی ہونے والی دلہن کی دو شرائط کو مان لیا ہے۔ ایک شادی کے بعد ڈرائیونگ کی اجازت اور دوسرے ملازمت کی اجازت۔