سنجے سنگھ کو مایوسی،ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج

   

نئی دہلی: دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں جیل میں بند عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی سنجے کی عرضی کو مسترد کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں دہلی ہائی کورٹ نے یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے، خواہ وہ لیڈر ہو یا عام شہری۔ سنجے نے ای ڈی کے ذریعہ گرفتاری کی بنیاد نہ بتانے پر گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر دہلی ہائی کورٹ نے آج یعنی جمعہ کو اپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ کی جج جسٹس سوارن کانتا نے سنجے سنگھ کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سنجے سنگھ کی گرفتاری قانون کے اصولوں کے مطابق ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے سنجے سنگھ کی اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ ای ڈی نے انہیں سیاسی بدنیتی کی وجہ سے گرفتار کیا ہے۔
ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم درخواست گزار کی اس دلیل پر کوئی رائے نہیں دیں گے کیونکہ یہ عدالت کے دائرہ اختیار کا موضوع نہیں ہے۔دہلی ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ای ڈی ایک بڑی جانچ ایجنسی ہے اور اس میں سیاسی مقاصد کو شامل کرنے سے ملک کی شبیہ متاثر ہو سکتی ہے۔ بتادیں کہ سنجے سنگھ کو بھی اسی معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے،جس میں منیش سیسودیا گرفتار ہیں اور فی الحال جیل میں ہیں۔