سندھو کی تاریخی کامیابی ، پہلی مرتبہ جاپان اوپن چمپئن

   

ٹوکیو، 19 جولائی(آئی اے این ایس) سابق عالمی چمپئن اور دو مرتبہ کی اولمپک میڈلسٹ ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے دو سال بعد بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹورکا اپنا پہلا خطاب جیتتے ہوئے میزبان ملک جاپان کی اسٹارکھلاڑی اکانے یاماگوچی کو شکست دی اور پہلی مرتبہ جاپان اوپن سوپر 750 ٹورنمنٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ٹوکیو میٹروپولیٹن جمنازیم میں کھیلے گئے فائنل میں سندھو نے چار مرتبہ کی چمپئن یاماگوچی کو 21۔17، 21۔17 سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ جاپان اوپن جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئیں۔ یہ سابق عالمی چمپئن سندھوکا دسمبر 2024 میں سید مودی انٹرنیشنل جیتنے کے بعد پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور خطاب ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوپر750 یا اس سے بڑے درجے کے کسی ٹورنمنٹ کا خطاب جیتنے کے لیے ان کا سات سالہ انتظار بھی ختم ہوگیا۔ سندھو نے شاندار کارکردگی کے ساتھ یہ خطاب حاصل کیا۔ انہوں نے سیمی فائنل میں ٹوکیو اولمپکس کی چمپئن چن یوفے کو شکست دی، جبکہ پری کوارٹر فائنل میں عالمی نمبر پانچ ہان یوئے کو بھی مات دی تھی۔ فائنل میں سندھو نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے دو پوائنٹس حاصل کیے۔ تیسرے پوائنٹ پرکامیاب چیلنج کے بعد انہوں نے 3۔0 کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم یاماگوچی نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابرکردیا۔ سندھو نے چند غیر ضروری غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 9۔7 کی برتری حاصل کی، لیکن یاماگوچی نے مسلسل چار پوائنٹس جیت کر وقفے تک سبقت حاصل کر لی۔ وقفے کے بعد سندھو نے بالکل مختلف انداز میں کھیل پیش کیا۔ انہوں نے جارحانہ حملے کرتے ہوئے یاماگوچی کو دفاعی انداز اپنانے پر مجبور کر دیا اور 16۔12 کی برتری حاصل کر لی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا اور اسکور 17-17 سے برابر ہو گیا، لیکن اس کے بعد سندھو نے مسلسل چار پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پہلا گیم 21-17 سے جیت لیا۔دوسرے گیم میں بھی سندھو نے شاندار آغاز کیا اور ۔3-6 کے بعد 8-3 کی برتری حاصل کر لی۔ یاماگوچی نے مسلسل چار پوائنٹس جیت کر واپسی کی کوشش کی، تاہم وقفے تک سندھو 11-7 سے آگے تھیں۔