سولار برقی پلانٹس کے قیام کیلئے تلنگانہ میں کسانوں کی حوصلہ افزائی

   

2 میگاواٹ تک برقی کی صلاحیت، مشرف فاروقی نے ابراہیم پٹنم میں برقی پلانٹس کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔7۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ رعیتو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ مشرف فاروقی آئی اے ایس نے کہا کہ ریاستی حکومت مرکزی حکومت کی پرائم منسٹر کسم اسکیم پر موثر طور پر عمل کر رہی ہے تاکہ کسانوں کی معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت کسان زرعی اراضی پر سولار پاور پلانٹس قائم کرتے ہوئے برقی کو ڈسکامس کو فروخت کرتے ہوئے زائد آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ مشرف فاروقی رنگا ریڈی ضلع کے ابراہیم پٹنم منڈل اینرجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پرجا پالنا کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں روایتی انداز میں تیار کی جانے والی برقی کا عام طورپر زائد استعمال ہورہا ہے۔ کوئلہ اورڈیزل کے ذریعہ برقی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں طریقے ماحولیات کے لئے نقصاندہ ہے۔ حکومت نے سولار اینرجی کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ گرین اینرجی کے ذریعہ ماحول موافق برقی تیار کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں قابل تجدید توانائی کے تحت 10642 میگا واٹ کی گنجائش ہے۔ حکومت 2029-30 میں 29645 میگا واٹ برقی تیار کرنے کا نشانہ رکھتی ہے۔1/k m/b
پرائم منسٹر کسم اسکیم کے تحت کسان 0.5 میگا واٹ تا 2.0 میگا واٹ صلاحیت کے سولار پاور پلانٹس اپنی اراضی پر قائم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایک میگا واٹ صلاحیت کے پلانٹ کیلئے کم از کم 3.5 ایکر اراضی ضروری ہے۔ چھوٹے اور متوسط کسان گروپس یا دو یا تین ارکان کے ساتھ پلانٹس قائم کرسکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے کئی رعایتیں دی جارہی ہیں جس میں 50 فیصد ایس جی ایس ٹی ری ایمبرسمنٹ شامل ہیں۔ کسانوں کو پولیوشن کنٹرول بورڈ سے این او سی کی ضرورت نہیں۔ مشرف فاروقی نے کسانوں کی جانب سے قائم کردہ سولار پلانٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان سولار اینرجی کی تیاری کے ذریعہ معاشی طور پر مستحکم ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کے سوالات کا جواب دیا۔ اس موقع پر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سپرٹنڈنگ انجنیئر سری لکشمی نارائنا ، آر ڈی او اننت ریڈی ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر اگریکلچر شریمتی اوشا اور دوسرے موجود تھے۔1/k