دعوتوں کے تحائف سے سونا غائب، آئندہ 4 برسوں میں مزید اضافے کا اندیشہ
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) ملک میں گزشتہ 7 دہوں کے دوران سونے کی قیمت میں بتدریج اضافے کا رجحان ہے۔ 1950 سے 2026 تک ملک میں سونے کی قیمت کا تقابلی جائزہ لیا گیا جس میں 7 دہوں کے دوران فی 10 گرام سونے کی قیمت 99 روپے سے بڑھ کر 157620 روپے ہوچکی ہے۔ 2025 میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور 75841 سے 10 گرام سونے کی قیمت یکایک بڑھ کر 146160 ہوچکی ہے۔ تازہ ترین مارکٹ ریٹ کے اعتبار سے سونا 157620 روپے فی 10 گرام ہوچکا ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافے کی وجوہات سے متعلق حکومت اور ماہرین کی رائے مختلف ہے۔ عالمی سطح پر غیر یقینی معاشی صورتحال، روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کی شرح میں اضافے کے نتیجہ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ہندوستان میں قیمتوں میں اضافے میں غریب اور متوسط طبقات کی تقاریب کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہندوستان میں روایتی طور پر تقاریب کے موقع پر سونے اور چاندی کے زیورات بطور تحفہ پیش کئے جانے کا رجحان ہے۔ گزشتہ 2 برسوں کے دوران قیمت میں غیر معمولی اضافے نے سونے کی خریدی میں کمی پیدا کردی ہے۔ غریب اور متوسط طبقات کی دسترس سے سونا دور ہوچکا ہے۔ سونے کے تاجروں کا ماننا ہے کہ آئندہ 4 برسوں یعنی 2030 تک سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ 1950 میں 24 کیریٹ گولڈ کی قیمت 99 روپے فی 10 گرام تھی جو 1964 میں گھٹ کر 63 روپے ہوئی۔ اس کے بعد سے 1975 تا 2026 قیمت میں مسلسل اضافہ ہی ہوا ہے۔ 1؍F