سوڈان میں بازار پر فضائی حملے میں 23 افراد ہلاک

   

خرطوم: سوڈان کے جنوبی خرطوم کے ایک مرکزی بازار میں ہفتہ کو ایک فضائی حملے میں کم از کم 23 شہری ہلاک اور40 زخمی ہو گئے ۔ مقامی رضاکاروں اور غیر سرکاری گروپوں نے یہ اطلاع دی۔ مقامی رضاکار گروپ جنوبی خرطوم ایمرجنسی روم نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنگی طیاروں نے کل (ہفتہ) کی سہ پہر خرطوم میں السوق المرکزی (مرکزی بازار) پر بمباری کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو علاج کیلئے بشیر، الرازی اور الراکی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔ بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ فوجی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) نے 26 ستمبر کو خرطوم میں پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز کے خلاف ایک اہم کارروائی شروع کی، جو شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی مہینوں میں اس کی سب سے اہم کوشش تھی۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور کے مطابق سوڈان 2023 سے ایس اے ایف اور آر ایس ایف کے درمیان پرتشدد تنازعات میں گھرا ہوا ہے ، جس کے نتیجے میں تقریباً 20 ہزار افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔