نیویارک: امریکہ نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں ہندوستانی انٹلیجنس ایجنسی را کے ایک سابق افسر پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔نیو یارک کے ڈسٹرکٹ کورٹ نے سکھ علیحدگی پسند اور ہندوستان پر نکتہ چینی کرنے والے خالصتانی رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی ناکام سازش تیار کرنے کے الزام میں جمعرات کو ہندوستانی انٹلیجنس ایجنسی را کے ایک سابق افسر وکاس یادو کے خلاف فرد جرم عائد کر دی۔عدالت نے اس کے ساتھ ہی انتباہ بھی دیا کہ کسی امریکی شہری کے خلاف اس طرح کے اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہندوستانی وزارت خارجہ نے اس پیش رفت پر تبصرے کے لیے کی گئی درخواستوں کا ابھی تک جواب نہیں دیا ہے۔امریکی محکمہ انصاف نے فرد جرم میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ (را) کے سابق افسر وکاس یادو کا باضابطہ ذکر کیا ہے۔واشنگٹن نے الزام لگایا تھا کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما گروپتونت سنگھ پنون کے خلاف قتل کی سازش میں ہندوستانی ایجنٹ ملوث تھے۔ پنوں امریکی-کینیڈین دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ایف بی آئی ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے ایک بیان میں کہا کہ ایف بی آئی امریکہ میں رہنے والے شہریوں کے ان کے آئینی طور پر محفوظ حقوق استعمال کرنے پر ان کے خلاف انتقامی جذبے سے تشدد کی کارروائیوں یا دیگر کوششوں کو برداشت نہیں کرے گی۔