سیکولر ووٹرس کے نام کو خارج کرنے بی جے پی کی سازش

   

بی ایل اوز کا تعاون کرنے کانگریس کارکنوں سے ضلع انچارج وزیر کی خواہش
عادل آباد ۔ 27 جون ۔ (سیاست نیوز) بی جے پی حکومت کی جانب سے ملک میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہورہا ہے۔ ایس آئی آر کے نام پر سیکولر ووٹرس کے نام فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ ایسی صورت میں کانگریس کے اراکین و قائدین کو متحد ہوکر ایس آئی آر فارمس کی خانہ پری کے لئے بی ایل او کا تعاون کرنے کی خواہش عادل آبا ضلع انچارج منسٹر مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے مستقر عادل آباد کے تانا شاہ گارڈن میں منعقدہ تقریب کے دوران کی اور کہا کہ مسلم ووٹ صرف کانگریس کے حق میں استعمال ہوتے ہیں جس کے بنا مسلم ووٹرس کو نقصان پہنچانے کی بی جے پی حکومت کی منظم طورپر سازش ہے ۔ انھوں نے بنگال اور بہار ریاستوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کو اسی بنا پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انھوں نے بی آر ایس کے قائدین مسٹر ہریش راؤ اور کے ٹی آر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی حکومت کی وجہ ریاست تلنگانہ آج مقروض ہوگیا ہے ۔ پارٹی کارکنوں کی ہمت افزائی کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب پارٹی کارکنوں کو نامزد عہدوں پر تقرر کیا جائے گا ۔ قبل ازیں بوتھ رکن اسمبلی ویڈما پوجو ، ضلع عادل آباد پارٹی صدر ڈاکٹر نریش جادو ، اسمبلی انچارج مسٹر کندی سرینواس ریڈی ، سابق رکن لوک سبھا مسٹر پونم باپو راؤ نے اپنے اپنے خطاب میں کانگریس حکومت کی بھرپور ستائش کی وہیں دوسری طرف بی جے پی سے تعلق رکھنے والے عادل آباد رکن اسمبلی اور رکن لوک سبھا پر سخت تنقید کی ۔ ضلع عادل آباد میں 595 پولنگ بوتھ موجود ہیں ۔ فہرست رائے دہی میں نام شامل نہ ہونے پر اُنھیں راشن کارڈ سے محروم کیا جائے گا ۔ اسی طرح حکومت کی جانب سے ملنے والی تمام اسکیموں میں محروم ہونا پڑے گا ۔ قبل ازیں مسٹر ساجد خان سابق صدر ضلع کانگریس کمیٹی ، بنڈاری انوشیا شش ، صدرنشین بلدیہ ، شریمتی جی سجاتا ، سنجیوریڈی سابق زرعی مارکیٹ کمیٹی صدر اور دیگر قائدین بھی اپنے اپنے خطاب میں کانگریس حکومت کی ستائش کرتے ہوئے ایس آئی آر کی خانہ پری میں ہر ایک کاتعاون کرنے کی خواہش کی ۔