یوجین، 9 اگست (آئی اے این ایس) انڈر20 عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں ہندوستان کے بسنت نے مردوں کے ہائی جمپ مقابلے میں سلور میڈل جیتا، جبکہ شاہنواز خان نے مردوں کے لانگ جمپ میں برونز میڈل اپنے نام کیا۔شاہنواز خان نے مردوں کے لانگ جمپ میں 7.84 میٹر کی بہترین چھلانگ لگا کر برونز میڈل حاصل کیا۔ وہ عالمی سطح کے کسی مقابلے میں لانگ جمپ کا میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد لانگ جمپر بن گئے۔ شاہنواز مقابلے کے ابتدائی مرحلے میں پیچھے تھے، تاہم تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے7.84 میٹر کی شاندار چھلانگ لگائی۔ اس کے بعد پانچویں راؤنڈ میں 7.83 میٹر کی چھلانگ لگا کر انہوں نے اپنا موقف مزید مستحکم کی اور دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کے درمیان دباؤ کے باوجود پوڈیم پر اپنی جگہ برقرار رکھی۔ اٹلی کے انزولی نے 7.97 میٹر کی بہترین کوشش کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، جبکہ آسٹریلیا کے میک گروڈر نے 7.96 میٹر کی چھلانگ لگا کر سلورمیڈل حاصل کیا۔ یہ جاری چمپئن شپ میں ہندوستان کا تیسرا میڈل ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو اشیش یادو نے جیولین تھرو میں سلور میڈل جیتا تھا۔دریں اثناء بسنت نے2.21 میٹر کی چھلانگ لگا کر اپنے ذاتی بہترین ریکارڈ کی برابری کی۔ راجستھان کے گنگانگر سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ بسنت عالمی سطح کے کسی بھی مقابلے میں ہائی جمپ کا میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔ بسنت نے مقابلے میں ابتدا میں 2.06 میٹر کی بلندی عبورکی، اس کے بعد 2.12 میٹر اور2.17 میٹر کی بلندی بھی کامیابی سے عبورکی۔ اس کے بعد 2.21 میٹر کی شاندار چھلانگ نے انہیں کامیابی سے پوڈیم پر پہنچا دیا۔ مقابلے کے تینوں سرفہرست ایتھلیٹس نے2.21 میٹر کی بلندی عبور کی، تاہم بسنت نے کاؤنٹ بیک کے ذریعے سلور میڈل حاصل کیا۔ الجزائر کے یونس ایاچی نے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ برطانیہ کے اوٹس پول نے برونز میڈل حاصل کیا۔ان تین میڈلس کے ساتھ ہندوستان نے 2021 کی انڈر 20 عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اپنی بہترین کارکردگی کی برابری کرلی ہے۔