پیانگ یانگ : 4اکٹوبر ( یو این آئی ) شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس کے متعلق اس کا دعویٰ ہے کہ اس میزائل میں پرواز کے دوران سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ کا کہنا ہیکہ مشقوں میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والا اسٹریٹجک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔ امریکی خبر ایجنسی کے مطابق اس سے یہ اشارہ ملتا ہیکہ اسے جوہری ہتھیار لے جانے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ کم یو جونگ کے مطابق اس میزائل میں پرواز کے دوران سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، جس کا مقصد جنوبی کوریا اور جاپان کے میزائل دفاعی نظام سے بچنا ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے ہفتے کی صبح بتایا کہ جنوبی کورین فوج نے شمالی کوریا کی جانب سے مشرقی ساحلی علاقے سے داغے گئے میزائل کا سراغ لگایا، میزائل نے 700 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طیکیا۔ دوسری جانب ازاں جاپان کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے میزائل کو تقریباً 680 کلومیٹر تک پرواز کرتے ہوئے ریکارڈ کیا۔