پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے جمعہ کے روز ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا اور اس کے جنگی جہازوں نے جنوبی کوریا کی سرحد کے قریب پروازیں بھی کی ہیں۔ اس نئی پیشرفت سے خطے میں پہلے سے ہی موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔جنوبی کوریا کی فوج نے بتایا کہ شمالی کوریا کے جنگی جہازوں کی جانب سے سرحد کے قریب پروازوں کے بعد سیول کے جنگی جہازوں نے بھی پروازیں کیں۔ دوسری طرف پیونگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے جنوبی پڑوسی کی جانب سے ’’اشتعال انگیز کارروائی‘‘ کے جواب میں جو مناسب سمجھا وہ کیا۔اس اقدام سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا جو پہلے ہی شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں اور نیوکلیئر ہتھیاروں کے حالیہ تجربات کی وجہ سے کافی کشیدہ ہے۔یہ پیش رفت شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی نگرانی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل کے تجربات کے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت کے اندر ہوئی ہے۔کم جونگ ان نے ان تجربات کو ’’حقیقی جنگ‘‘ کے لیے پیانگ یانگ کی تیاری کا مظاہرہ قرار دیا تھا۔