شمس آباد :14 ستمبر ( سیاست نیوز) شمس آباد کے علاقہ کشن گوڑہ میں پیر کی صبح ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی اور 10سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ۔ شمس آباد ٹریفک اے سی پی ناگابھوشنم نے بتایا کہ پیر کی صبح حیدرآباد سے بنگلور کی جانب جارہی ایک کنٹینر کشن گوڑہ کے قریب روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکراتے ہوئے برقی کھمبے سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں برقی پول ٹوک کر سڑک پر گرگیا ۔ مخالف سمت سے آرہی ایک 7ہلز ٹراویلس بس جو بنگلور سے حیدرآباد جارہی تھی برقی پول سے بچنے کیلئے بس ڈرائیور نے بس کا رُخ بدل دیا اور بس بے قابو ہوتے ہوئے سڑک کے کنارے ٹہری ہوئی تین کاروں اور ایک بائیک کو ٹکر دیتے ہوئے سڑک کے قریب واقع بالاجی بھون ہوٹل اور اس سے متصل پان شاپ میں گھس گئی جس کی وجہ سے اس حادثہ میں ایک نوجوان عظیم الدین 29سالہ ساکن کریم جو سعودی عرب جانے کیلئے کریم نگر سے شمس آباد ایئرپورٹ جارہے تھے کشن گوڑہ کے قریب چائے پینے کیلئے اپنی کار میں ٹہرے ہوئے تھے۔ ٹراویلس بس نے انہیں بھی ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیںخانگی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بلا معائنہ مردہ قرار دیا ۔ بس ڈرائیور محمد صادق بھی اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے جنہیں دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی گئی ۔ بس میں 34 مسافر سوار تھے ، اس حادثہ کی وجہ ہجوم جمع ہوگیا ، مقامی افراد نے ہجوم پر فوراً قابو پالیا اور ہوٹل میں موجود گاہکوں میںکچھ دیرکیلئے خوف کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور ٹریفک میں خلل پڑا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس مقام پر پہنچ گئی اور ٹریفک کو بحال کیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے حادثہ کی تحقیقات کررہی ہے اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کردیا ۔ ( ش )