شہر میں آوارہ کتوں پر قابو پانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کی ہدایت

   

کتوں کی نسبندی کی جائے گی، پالتو کتوں کی نشاندہی کیلئے خصوصی ایپ: اروند کمار

حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں آوارہ کتوں کی کثرت پر قابو پانے کیلئے خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور ریاست کی دیگر میونسپلٹیز میں جنگی خطوط پر ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ آوارہ کتوں سے شہریوں کو بچایا جائے۔ اروند کمار نے آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں گریٹر حیدرآباد کے زونل کمشنرس، ویٹرنری آفیسرس اور جی ایچ ایم سی کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں فی الوقت 5 لاکھ 50 ہزار آوارہ کتے ہیں جبکہ 2011 میں یہ تعداد 8 لاکھ 50 ہزار تھی۔ کتوں کی سابق میں نسبندی کی مہم چلائی گئی جس کے نتیجہ میں تعداد میں کمی آئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ 8 لاکھ سے تعداد گھٹ کر 5 لاکھ 50 ہزار ہوچکی ہے۔ اروند کمار نے گریٹر حیدرآباد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فوری طور پر نسبندی مہم کا دوبارہ آغاز کیا جائے اور کالونیوں اورآبادیوں میں بعض مراکز قائم کئے جائیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا کہ وہ ہوٹل، ریسٹورنٹ، فنکشن ہالس، چکن سنٹرس اور مٹن سنٹرس کے مالکین کو پابند کریں کہ وہ سڑکوں پر باقیات نہ پھینکیں۔ اروند کمار نے آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پر تیزی سے قابو پانے کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔ سرکاری اور خانگی اسکولوں کے طلبہ میں شعور بیداری مہم چلائی جائے تاکہ وہ کتوں کے شکار ہونے سے بچ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری کی کمی کے نتیجہ میں زیادہ تر طلبہ کتوں کا شکار بن رہے ہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پمفلیٹس اور ہورڈنگس تیار کریں۔ سلم ڈیولپمنٹ فیڈریشن اور شہری علاقوں کے ڈیولپمنٹ فیڈریشنس کے علاوہ کالونیوں کی ویلفیر اسوسی ایشنوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ اروند کمار نے ریاست کے میونسپلٹیز میں سیلف ہیلپ گروپس کی مدد حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ شہری حدود میں پالتو کتوں کے رجسٹریشن کیلئے موبائیل ایپ تیار کیا جائے۔ جی ایچ ایم سی کے ایپ پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے شہر اور اطراف کی میونسپلٹیز میں پالتو کتوں کی نشاندہی کیلئے موبائیل ایپ ڈیولپ کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے مطابق پالتو کتوں کے مالکین کو شناختی کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں کتے کاٹنے کے زیادہ واقعات پیش آئے ہیں وہاں فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ ان علاقوں میں ویٹرنری ٹیموںکو روانہ کیا جائے۔ اجلاس میں سکریٹری بلدی نظم و نسق سدرشن ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈائرکٹر ستیہ نارائنا اور زونل کمشنرس نے شرکت کی۔ر