مئی کے مہینے میں آغاز ۔ آلودگی سے پاک سفر کی سہولت فراہم کرنے آر ٹی سی کا اقدام
حیدرآباد۔18اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں کے بیشتر علاقوں میں ڈبل ڈیکر بسیں نظر آنے کے بعد اب کہا جا رہاہے کہ ماہ مئی میں الکٹرک ائیر کنڈیشن بسوں کا آغاز کردیا جائیگا۔ تلنگانہ آر ٹی سی نے آلودگی سے پاک بس خدمات کو یقینی بنانے اقدامات کے طور پر الکٹر ک بسوں کی خریدی عمل میں لائی تھی جو کہ فی الحال سڑکوں پر نظر نہیں آرہی ہیں لیکن منیجنگ ڈائرکٹر و نائب صدرنشین مسٹر وی سی سجنار کے مطابق جلد دونوں شہروں کے علاوہ طویل مسافت کیلئے بھی الکٹرک بسوں کے استعمال کا آغاز کردیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں کارپوریشن نے ایسی الکٹرک بسوں کی خریداری عمل میں لائی ہے جو کہ ایک مرتبہ چارج کرنے پر زائد از 350 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرسکتی ہے۔ 41نشست پر مشتمل 12میٹر طویل الکٹرک ائیر کنڈیشن بسیں آئندہ ماہ سے شہر کی سڑکوں کے علاوہ شاہراہوں پر نظرآنے لگیں گی ۔مسٹر وی سی سجنار کے مطابق کارپوریشن سے خریدی گئی بسوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے علاوہ ان میں جی پی آرایس سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ بسوں کی موجودگی اوربس کے سفر کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق بسوں میں نصب سی سی کیمروں میں ایک ماہ کی ریکارڈنگ کو محفوظ رکھنے کی گنجائش ہوگی ۔الکٹرک بسوں کی بڑھتی مانگ کو دیکھتے ہوئے الکٹرک بسوں کی تیاری کرنے والی کمپنی آلیکٹرا نے 550 نئی بسوں کی تیاری کے سلسلہ میں گرین ٹیک لمیٹیڈ کو آرڈر جاری کیا ہے ۔تلنگانہ آر ٹی سی عہدیدارو ںکے مطابق طویل مسافتی سفر کیلئے الکٹرک بسوں کے استعمال کا آغاز کارپوریشن کی تاریخ میں نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ پڑوسی آندھراپردیش کے بعض اضلاع کیلئے تجرباتی طور پر ان بسو ںکو چلایا جاچکا ہے اور خانگی ٹراویل کمپنیوں سے بھی الکٹرک بسوں کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے جسے دیکھتے ہوئے تلنگانہ آر ٹی سی عہدیداروں نے ادارہ کو بھی عصری سہولتوں اور آرام دہ سفر کو ممکن بنانے کے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق حیدرآباد و سکندرآبادکیلئے بھی کارپوریشن سے بس خدمات کو بہتر بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں اور شہر کی بسوں کو بھی الکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ آلودگی سے پاک بس خدمات کو فروغ دینے اور بس مسافرین کو معیاری سفرکی سہولت فراہم کی جاسکے۔م