حیدرآباد ۔27۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے شہر کے اطراف گرام پنچایتوں اور میونسپلٹیز کے انضمام سے متعلق آرڈیننس چیلنج کرتے ہوئے دائر کی گئی درخواستوں کو سماعت کیلئے قبول کیا ہے۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس سرینواس ریڈی نے حکومت کے آرڈیننس نمبر 3 (2024 ) کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ میونسپلٹیز ایکٹ 2019 میں ترمیم کرتے ہوئے حکومت نے شہر کے اطراف تین اضلاع کی 51 گرام پنچایتوں اور 13 میونسپلٹیز کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رنگا ریڈی کے حیات نگر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آرڈیننس کو چیلنج کیا۔ ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری ، سکریٹری لیجسلیٹیو افیرس ، سکریٹری لاء ڈپارٹمنٹ کے علاوہ بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹریز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے تین ہفتہ کی مہلت دی ہے۔ حکومت نے رنگا ریڈی ، میڑچل اور سنگا ریڈی کی 51 گرام پنچایتوں اور 13 میونسپلٹیز کو ضم کرتے ہوئے مہا حیدرآباد کارپوریشن کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت انضمام کے ذریعہ تین علحدہ کارپوریشنوں کی تشکیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ میں مقدمہ کی یکسوئی کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ 1