شیشہ و تیشہ

   

دلاور فگار
دعائے نجات
کسی شاعر نے اک محفل میں نوے شعر فرمائے
ردیف و قافیہ یہ تھا دعا کردے دوا کردے
کہیں مقطع نہ پاکر اک سامع نے دعا مانگی
الہ العالمیں اس قید سے مجھکو رہا کردے
…………………………
فرید سحرؔ
شکوہ …!!
بیویوں سے کیوں کریں شکوہ گلہ
ہم سے بھی تو ہوتی ہے یارو خطا
بُھوت شک کا اُن کے سر میں ہے گُھسا
روز گھر میں ہوتا ہے جھگڑا نیا
ایک ہی گولی سے ہوتی تھی شفا
اب کہیں ملتی نہیں ایسی دوا
باپ کتنا خوش ہے اب دیکھو میاں
طئے جو اُس کی بیٹی کا رشتہ ہوا
داد و تحسیں سے میاں چھت اُڑ گئی
شعر جب اُستاد کا میں نے پڑھا
نو بجے کھا لیتے ہیں بیٹا ، بہو
دو بجے دیتے ہیں مجھ کو ناشتہ
دوسروں پر ہنسنے سے پہلے سحرؔ
جھانک لیں اپنے گریباں میں ذرا
…………………………
تلخ و شیریں …!!
٭ وہ ڈوب گیا کیونکہ وہ بھول گیا تھا کہ اُسے تیرنا آتا ہے ۔
٭ ایک صاحب نے ایک کتاب خریدی جس کا نام تھا ’’بھولنے کی عادت چھوڑیئے ‘‘ لیکن افسوس وہ کتاب دوکان پر ہی بھول آئے !!
٭ اُس کا پیپر بہت اچھا ہوا تھا کوئی وجہہ نہ تھی کہ وہ فیل ہوتا ۔ اگر وہ اپنا پیپر جمع کرانا نہ بھولتا …!! ٭ وہ لڑکی اُس سے محبت کرنے لگی تھی مگر وہ اسے بھول سے ڈارلنگ کے بجائے ’’بہن ‘‘ کہہ بیٹھا …!!
نجم الدین جنیدی رضوان
…………………………
ضربِ یوسفی…!!
٭ جتنا وقت اور روپیہ بچوں کو ’’مسلمانوں کے سائنس پر احسانات‘‘ رٹانے میں صرف کیا جاتا ہے، اس کا دسواں حصہ بھی بچوں کو سائنس پڑھانے میں صرف کیا جائے تو مسلمانوں پر بڑا احسان ہوگا۔
٭ لاہور کی بعض گلیاں اتنی تنگ ہیں کہ اگر ایک طرف سے عورت آ رہی ہو اور دوسری طرف سے مرد تو درمیان میں صرف نکاح کی گنجائش بچتی ہے…!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
کیا کروں …!؟
عورت: ڈاکٹر صاحب میرے شوہر نیند میں باتیں کرنے لگے ہیں، کیا کروں…!؟
ڈاکٹر: اُنہیں دن میں بولنے کا موقع دیجئے۔
محمد امتیاز علی نصرت ؔ ۔ پداپلی
…………………………
گھر کا بھیدی !
٭ ایک عورت نے اپنی سہیلی سے کہا ’’تم اپنے شوہر کو سمجھاتی کیوں نہیں ہو ، 60 سال سے اوپر کے ہوگئے لیکن اب بھی خواتین کا پیچھا کرتے ہیں ، کیا تمہیں جلن محسوس نہیں ہوتی ؟ ‘‘۔
’’مجھے بھلا جلن کیوں محسوس ہو ، چلتی کاروں کے پیچھے بھاگنے والے کار تو نہیں چلاسکتے نا … !!‘‘ سہیلی نے اطمینان سے جواب دیا ۔
نظیر سہروردی۔ راجیونگر
…………………………
شادی کے بعد …!
بیوی (شوہر سے ) : ڈارلنگ ! کیا بات ہے شادی سے پہلے آپ مجھے کئی مقامات پر لے جاتے تھے اور ایک سے بڑھکر ایک ریسٹورنٹ ، سینما اور ریسارٹس میں ہمارا وقت گذرتا تھا لیکن شادی کے بعد آپ مجھے کسی ایک مقام پر بھی نہیں لے گئے …!
شوہر (بڑے ہی پیار سے ) : میری چہیتی بیوی !کیا کبھی تم نے الیکشن کے بعد بھی مہم چلاتے ہوئے کسی امیدوار کو دیکھا ہے …!
سید احمدالدین قادری ۔ اکبرباغ
…………………………
جانور !!
٭ ایک دوست دوسرے دوست سے : میرا بیٹا شیر ہے شیر !!
دوسرادوست : معاف کیجئے ، کل میں نے آپ کو ’’جانور‘‘ کہا تو آپ برا کیوں مانے !!؟
حبیب حذیفہ العیدروس۔ ممتاز باغ
……………………………