ضعیف العمر، کورونا مریض اور معذورین کو پوسٹل بیالٹ کی سہولت

   

حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیالٹ کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے حیدرآباد میں ضعیف العمر رائے دہندوںکے علاوہ کورونا وائرس کا شکار مریضوں اور جسمانی معذورین کے لئے پوسٹل بیالٹ کے استعمال کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یکم ڈسمبرکو حیدرآباد میں منعقد ہونے والی رائے دہی کے دوران شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریض جو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں اور کورونا وائرس کے سبب قرنطینہ اختیار کئے ہوئے ہیں وہ اپنی درخواست تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کو روانہ کرتے ہوئے پوسٹل بیالٹ طلب کرسکتے ہیں علاوہ ازیں جن رائے دہندوں کی عمر 80 سال سے تجاوز کرچکی ہے ان رائے دہندوں کو بھی پوسٹل بیالٹ طلب کرنے کا مجاز گردانا گیا ہے ۔ جسمانی معذورین جو مرکز رائے دہی تک پہنچنے کے قابل نہیں ہیں ان رائے دہندوں کو بھی پوسٹل بیالٹ کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں جاری کردہ ہدایات میں کورونا وائر س کے شکارایسے رائے دہندے جو کہ کورونا وائرس کا شکار ہیں ان کو پوسٹل بیالٹ کے حصول کے لئے کورونا وائرس ٹسٹ کی پازیٹیو رپورٹ کے علاوہ اپنے آدھار یا شناختی کارڈ کی نقل جس پر شخصی دستخط کی گئی ہو اور مکمل پتہ کے ساتھ روانہ کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ جسمانی معذورین کو پوسٹل بیالٹ کے حصول کیلئے اپنی درخواست کے ساتھ جسمانی معذور کی سند اور دیگر مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ الیکشن کمیشن کو درخواست روانہ کرنی ہوگی۔