مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہونے کا خدشہ ، عوامی حلقوں میں تشویش
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : عادل آباد ٹاون میں واقع راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (RIMS) ہاسپٹل جو مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے جانا جاتا ہے ۔ اب سوشیل میڈیا سرگرمیوں کی وجہ سے خبروں میں ہے ۔ اطلاعات کے مطابق چند ڈاکٹر ، جونیر ڈاکٹرس اور طبی عملہ اپنی ڈیوٹی کے دوران ویڈیوز بنانے اور انہیں آن لائن پلیٹ فارمس پر شیئر کرنے میں مصروف ہیں ۔ جس پر عوام شدید ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں ۔ بعض ویڈیوز میں طبی عملے کو فلم شنکر دادا ایم بی بی ایس کے انداز میں آپریشن تھیٹر کے اندر مریضوں کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے جو پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے ۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف ہاسپٹل کا ماحول متاثر ہورہا ہے ۔ بلکہ مریضوں کی راز داری بھی خطرے میں پڑ رہی ہے ۔ سرکاری اور خانگی شعبے کے کئی ڈاکٹرس سوشیل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ لائیکس اور فالوورس حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں ۔ ریمس کے چند ڈاکٹرس بھی اس دوڑ کا حصہ بن گئے ہیں جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ علاج کیلئے ہاسپٹل آنے والے مریض اس صورتحال میں خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ مریضوں کے ساتھ ویڈیوز بنانا اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی بھی قرار دیا جارہا ہے ۔ اس مسئلہ پر جب ریمس کے ڈائرکٹر جئے سنگھ راٹھور سے وضاحت طلب کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ دستیاب نہیں ہوسکے ۔۔ 2/m/b