عازمین حج کو دی گئی اسمارٹ واچ کے کام نہ کرنے کی شکایت

   

بیاٹری لائف کمزور ، گھڑی کے استعمال میں مشکلات
حیدرآباد۔9 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا اور مرکزی وزار ت اقلیتی امور کی جانب سے عازمین حج کو دی گئی ’اسمارٹ واچ‘ کی عدم کارکردگی کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ کئی عازمین حج کو اس ’اسمارٹ واچ‘ کے استعمال میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ جو اس گھڑی کا استعمال کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس گھڑی کی بیاٹری لائف کمزور ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی اس گھڑی کو جو ’’حج سویدھا ایپ‘‘ سے مربوط ہے اسی کے ذریعہ ریاض الجنہ کا وقت حاصل کرنے کے علاوہ منیٰ میں اپنے قیمتوں کی نشاندہی وغیرہ کا عمل مکمل کرنا ہے لیکن اب حج کے آغازسے قبل ہی عازمین حج ’حج انسپکٹرس‘ سے اس بات کی شکایات کرنے لگے ہیں کہ انہیں دی گئی گھڑیاں کام نہیں کر رہی ہیں لیکن عازمین حج کی ان شکایات کا حج انسپکٹرس کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔حج کمیٹی آف انڈیا کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ مرکز نے پہلی مرتبہ ’حج سویدھا ایپ‘ سے مربوط گھڑیوں کی فراہمی کا پہلا تجربہ کیا ہے اور اس کا مقصد عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے لیکن عازمین حج کو جو دشواریاں ہورہی ہیں انہیں دور کرنے کے لئے انہیں ان گھڑیوں کے استعمال کی تربیت بھی فراہم کی جاچکی تھی ۔بتایا جاتاہے کہ عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں انٹرنیٹ ڈاٹا دستیاب ہونے میں ہونے والی والی دشواریوں کے سبب ’اسمارٹ واچ‘ کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے جبکہ جن لوگوں کے پاس ڈاٹا موجود ہے ان کی شکایت ہے کہ ان کی گھڑیوں کی بیاٹری جلد ختم ہونے کے سبب انہیں چارج کرنے کے مسائل کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔حج انسپکٹر س اور سعودی عرب میں موجود ہندستانی حج مشن کے عہدیداروں کی جانب سے عازمین حج کو مشورہ دیا جا رہاہے کہ وہ ان ’اسمارٹ واچ‘ کے استعمال کے ذریعہ حج مشن سے مربوط رہیں تاکہ کسی بھی طرح کے الرٹ عازمین تک پہنچانے کے لئے اور ان کی راہبری کے لئے ہی حج کمیٹی آف انڈیا نے انہیں یہ گھڑی فراہم کی ہے اسی لئے اس گھڑی کے استعمال کو یقینی بنانے کی تاکید کی جار ہی ہے۔3/A/b