عصری ٹکنالوجی AI سے ہم آہنگ ہونا وقت کا اہم تقاضہ

   

دفتر روزنامہ سیاست میں آج ورکشاپ، ماہرین خطاب کریں گے
حیدرآباد۔9۔مئی ۔ (سیاست نیوز) ٹیکنالوجی کے میدان میں مستقبل میں ہونے والی ترقی اور تبدیلیوں سے آشنا ہونے اور ان کے متعلق معلومات و تربیت حاصل کرتے ہوئے خود کو عصری تقاضوں سے آراستہ کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت سے جڑی معلومات کا حصول ناگزیر ہے۔ مصنوعی ذہانت (A.I) کے ذمہ دارانہ استعمال کے سلسلہ میں ماہر مصنوعی ذہانت جناب منیر محمد سینیئرپروڈکشن منیجر IEEE انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الکٹرانکس انجنیئرس کا خصوصی ورکشاپ بروز اتواردن میں 11بجے تا 1 بجے دوپہر دفتر روزنامہ سیاست میں منعقد ہوگا۔ اس ورکشاپ میں شعبہ تعلیم بالخصوص اسکول‘ کالجس اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں AIکے ذمہ دارانہ استعمال اور اس کے اثرات سے متعلق جناب منیر محمد واقف کروائیں گے۔ جناب منیر محمد کے اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد ہندستانی اقلیتی تعلیمی اداروں کو مسابقتی دوڑ میں شامل کرتے ہوئے انہیں آرٹیفیشل انٹلیجنس کے استعمال کا اہل بنانے کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں موجود مواقع سے واقف کروانا ہے۔ جناب منیر محمد ٹیکنالوجی ‘ پالیسی سازی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کے امور میں عالمی سطح پر منعقد ہونے والے اشتراک اور سرکردہ کمپنیوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔انہو ںنے مختلف بین الاقوامی کمپنیوں و پلیٹ فارمس پر صنعتی و تکنیکی ماہرین کے درمیان رابطہ کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔جناب منیر محمد کی آرٹیفیشیل انٹلیجنس پر کی جانے والی گفتگو نہ صرف تکنیکی مستقبل ‘ AI کے مختلف میدانوں پر اثرات‘ تعلیم کے شعبہ پر اس کے اثرات سے ہونے والے فوائد ہے اور اس کے عملی نفاذ کویقینی بنانے میں انتہائی معاون ثابت ہوگی۔ اتوار کو دن میں 2گھنٹے کے اس ورکشاپ میں تعلیمی اداروں کے ذمہ داران‘ کمیونیٹی بلڈرس‘ ماہرین سائبر سیکیوریٹی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ وہ افراد بھی شرکت کرسکتے ہیں جو A.Iاور سائبر سیکیوریٹی شعبہ میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔اس ورکشاپ کے دوران اے آئی ٹولز کے استعمال پر ہی نہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے بنیادی تصور ‘ نصاب میں شمولیت ‘ عملی منصوبہ بندی کے ذریعہ طلبہ میں تخلیقی وتکنیکی صلاحیتیں پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی ۔ اس ورکشاپ میں شرکت کے خواہشمندوں کو دیئے گئے اسکیانر پر رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگا کیونکہ اس انتہائی اہم ورکشاپ کے لئے محدود نشستیں رکھی گئی ہیں ۔ جناب منیر محمد شرکاء کے سوال کے جواب بھی دیں گے۔3