مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی القادری کا شاہی مسجد باغ عام میں خطاب
حیدرآباد، 22 نومبر (راست) مولانا ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی القادری (امام و خطیب شاہی مسجد باغ عام) نے شاہی مسجد باغ عام میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حیدرآباد کی عظیم شخصیت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؒ کو اللہ نے علم، اخلاق، فراست اور حکمت سے نوازا تھا۔ آپ ؒکے اندر دنیا کے مسائل کو حل کرنے کا غیر معاملہ ملکہ تھا۔ بندوں کو اس کے رب سے جوڑنے کا بے پناہ تجربہ تھا۔ جن کو دیکھ کر کئی لوگوں نے اپنے گناہوں سے توبہ کی۔ جن کے سامنے لوگ اپنے مسائل پیش کر کے اپنا دل ہلکا کرلیا کرتے تھے۔ علمی مجالس ہو یا عوامی جلسہ، نوجوانوں سے بات ہو یا بزرگوں کے درمیان گفتگو، ہر ایک کے لیے مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؒ محبوب رہے۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؒ نے ایک مومنانہ زندگی گزری۔ پوری احتیاط، پرہیزگاری اور بھرپور زندگی گزاری۔ انھوں نے ہر طرح کے جلسوں اور اپنوں ،دوسروں سے ہر طرح مسلکی و فرقہ واری عصبیت سے نکل کر اور وسعت قلبی کے ساتھ مخاطب کیا۔ اس طویل ترین زندگی کے باوجود بھی مولانا نے پورے اطمینان، خوشی کے ساتھ دنیا کو الوداع کہا۔ گویا مولاناؒ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حدیث کی عملی مثال پیش کی کہ مسلمان تو وہ ہے،جس کی زبان اور ہاتھ سے کسی کو تکلیف نہ پہنچے۔مفتی سید صادق محی الدین فہیمؒ نے زندگی کے ہر لمحہ میں اللہ کا خیال اور اللہ کا بے پناہ احساس رکھا۔ مولانا احسن الحمومی نے نوجوانوں کو حدیث کا حوالہ دے کر کہا کہ ’نوجوانوں! خوش حالی اور آسودگی کے زمانے میں اللہ تعالیٰ کو یاد رکھو، اللہ تعالیٰ تمہیں سختی اور پریشانی کے وقت یاد رکھے گا‘۔ یہ مہلت صحت، عمر، پیسے، وقت اور دستاب سہولیات کی مہلت ہے۔ انسان کی جب جان نکلتی ہے تو اس کو انتہائی شدت اور تکلیف ہوتی ہے۔ انسان کا جسم انسان کو ساتھ دینا چھوڑ دیتا ہے۔ اسی وقت میں انسان کو اللہ کی مدد شامل حال نہ ہو تو سوچیے انسان کا کیا حال ہوگا؟ انسان چاہتا ہے کہ اس وقت اللہ اس کی مدد کرے تو انسان کو چاہیے کہ اپنے اچھے دنوں میں وہ اللہ کو یاد کرے۔ مفتی صاحب نے اپنی خوشحالی میں اللہ کو بے پناہ انداز میں یاد رکھا۔ اللہ فرماتا ہے کہ ’’نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے؟‘‘ (سورۃ الرحمٰن: 60) مولانا مفتی صاحب کے خاندان میں کئی حفاظ اور علما ہیں۔ تمام کے تمام بیٹے حفاظ، پوتے حفاظ، نواسوں میں حفاظ، داماد حفاظ۔۔ گویا حفاظ و علما کے پوری ایک نسل کو مفتی صاحب نے دنیا میں چھوڑا ہے۔ یہ گویا اللہ کی نعمتوں پر مفتی صادق محی الدین صاحب کا شکرانہ تھا۔ جو انھوں نے اپنے رب کے حضور پیش کیا۔ آپ کے شمار جامعہ نظامیہ کے سینئر اساتذہ اور شیوخ میں ہوتا ہے۔ جامعہ نظامیہ کے اکابر کی یہ روایت رہی ہے کہ جب وہ دنیا سے گزرتے ہیں تو قرآن کی تلاوت و سماعت کرتے ہوئے گزرتے ہیں۔ مولانا ولی اللہ قادریؒ، مولانا ابراہیم خلیل ہاشمی، مولانا خواجہ شریفؒ، مولانا مفتی عظیم الدینؒ، مولانا الطاف حسین فاروقیؒ کے علاوہ مولانا شا محمد بن عبدالرحمن الحمومیؒ وغیرہم نے اپنی آخری سانسوں کے دوران بھی تلاوت، ذکر اور اللہ کی یاد کو جاری رکھا۔ ان اکابر نے بڑی شان سے اس دنیا کو رخصت کیا۔ اگر ہم زندگی میں اللہ کی لاج رکھیں گے تو اللہ بھی ہمارے آخری لمحات کی لاج رکھے گا۔ ہم اپنی اولاد، پوتوں اور نواسوں کو دیکھ کر یہ سوچیں کہ یہ ہمارے جنازوں کی پہلی صف ہے اور وہ سب کیسے ہوں گے؟ کیا ہم نے انھیں اس لائق بنایا ہے کہ وہ ہمارے بہتر امین اور وارث بنیں۔