عوام مودی و کے سی آر سے ناراض ، بیروزگاری عروج پر : راہول گاندھی

,

   

عوامی شعبہ کی املاک کو خانگی شعبوں کے حوالے کیا جارہا ہے ، تلنگانہ میں اراضیات چھینی جارہی ہیں ۔ بھارت جوڑو یاترا میں کارنر میٹنگ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے کہا کہ ملک اور تلنگانہ کے عوام بی جے پی اور ٹی آر ایس کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں ۔ 8 سال میں بیروزگاری اور مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہونچ گئی ہے ۔ مودی عوامی اثاثہ جات کو فروخت کرنے اور کے سی آر غریب عوام کی اراضیات چھیننے میں مصروف ہیں ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں سے عوام بدظن ہیں ۔ پداپور ضلع میدک میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ کانگریس اے ریونت ریڈی تلنگانہ انچارج مانکیم ٹیگور ، کانگریس قائد مقننہ ملو بٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے قائدین میں محمد علی شبیر ، اتم کمار ریڈی ، دامودھر راج نرسمہا ، جگاریڈی ، ومشی چند ریڈی ، سمپت کمار و دیگر موجود تھے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ سماج میں پھیلی بے چینی کو دور کرنے عوامی مسائل کا احاطہ کرنے اور نفرت کے خلاف محبت کو عام کرنے وہ پدیاترا کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں گذشتہ 10 یوم سے چل رہے ہیں ۔ کسانوں ، نوجوانوں ، طلبہ ، چھوٹی و متوسط کمپنیوں کے مزدوروں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات سے ملاقات کررہے ہیں ۔ 7 گھنٹے تک ان کے دکھ درد ، پریشانیوں اور مسائل کو سن رہے ہیں ۔ شام میں 15 منٹ اس پر اپنا موقف واضح کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی نے مودی اور کے سی آر کو ایک ہی پالیسی پر کام کرنے والے دو قائدین قرار دیا ۔ ملک میں اتنی بڑی ریکارڈ سطح پر کبھی بیروزگاری نہیں پہونچی ۔ 2014 کے بعد ملک میں وزیراعظم مودی اور تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر نے بیروزگاری کو دور کرنے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ پبلک سیکٹرس کو مودی خانگی شعبوں کے حوالے کررہے ہیں ۔ مرکزی و تلنگانہ کی حکومتیں کسانوں سے نا انصافی کررہی ہیں ۔ تلنگانہ میں کسانوں کی حالت قابل رحم ہے ۔ وہ اپنی یاترا کے دوران ناگی ریڈی نامی ایک کسان سے ملاقات کرچکے ہیں جو وزیر زراعت سے زیادہ معلومات رکھتے ہیں لیکن زرعی مسائل کو حل کرنے چیف منسٹر کے سی آر ناگی ریڈی جیسے کسانوں سے بات نہیں کرتے اور زرعی شعبہ کو ترقی دینے تجاویز بھی حاصل نہیں کرتے ۔ لیکن چیف منسٹر دلتوں ، قبائیلیوں اور کسانوں کی زبردستی اراضیات چھین کر انہیں کنگال بنا رہے ہیں وہ بھی پارلیمنٹ کے رکن ہیں ۔ مودی حکومت جو بھی بلز پیش کرتی ہے ٹی آر ایس اس کی تائید کرتی ہے ۔ کسانوں کے سیاہ قوانین کے خلاف تمام جماعتیں احتجاج کر رہی تھی مگر ٹی آر ایس نے بل کی تائید کی ہے ۔ ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی نفرت پھیلا رہی ہے ۔ ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے لڑا رہی ہے ۔ وہ نفرت پر محبت کے پیغام کو عام کرنے بھارت جوڑو یاترا کررہے ہیں جس کو عوام کی تائید و حمایت حاصل ہورہی ہے ۔ جس سے تھکان محسوس بھی نہیں ہورہی ہے ۔ راہول نے کہا کہ وہ سیاسی مفادات کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل کو جاننے بھارت جوڑو یاترا کر رہے ہیں۔ وہ تلنگانہ عوام کو بتانا چاہتے ٹی آر ایس اور بی جے پی الگ نہیں ہیں دونوں سے عوام کو چوکنا رہنا ہے ۔ پکوان گیس ، پٹرول ، ڈیزل ، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جب گیس سلنڈر 400 روپئے تھا اور پٹرول 60 روپئے فی لیٹر دستیاب ہوتا تھا تب مودی اس کے خلاف آواز اٹھاتے تھے اب پکوان گیس 1100 اور پٹرول فی لیٹر 100 سے زیادہ ہے وزیراعظم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ ن