ممبئی: عیدالاضحی کے تعلق سے حکومت کی جانب سے کوئی ایک بار پھر کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے اور گزشتہ سال کیسے حالات پیدا ہوگئے ،ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مسلمان سنت ابراھیمی کی ادائیگی کے لیے سخت پریشان ہیں۔روزانہ مختلف تنظیموں اور اداروں کے وفد وزراء اور سیاسی پارٹیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔تاکہ حکومت اس تعلق سے باقاعدہ اقدام کرے ۔ویسے یقین دہانیوں کاسلسلہ جاری ہے ،لیکن حتمی فیصلہ وزیراعلی ادھو ٹھاکرے ہی لیں گے ۔گزشتہ سال بھی کوویڈ19 کی سنگین صورت حال کے دوران بھی اسی طرح کے حالات پیدا ہوگئے تھے ،لیکن حکومت نے غیر واضح سرکاری اعلان جاری کردیا،دیونار مذبح کی بکرا منڈی بند کیے جانے اورسخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔اس کے نتیجے میں عروس البلاد ممبئی،تھانے ،بھیونڈی،میراروڈ ،وسئی،ویرار اور دیگر نواحی علاقوں میں جگہ جگہ راجستھان،مدھیہ پردیش،مہاراشٹر،گجرات وغیرہ کے تاجر بکرے اور بھیڑ لیکران علاقوں میں پہنچے اور بکروں کی فروخت بھی ہوئی،لیکن ان چھوٹے چھوٹے بازار اور منڈیوں کی معلومات شہر کے ایک نوجوان عاصم شیخ یوٹیوب چینل سے ملی۔امسال بھی عاصم شیخ شہر ہی نہیں بلکہ دوسرے علاقوں اور ریاستوں میں دستیاب بہترین نسل کے بکروں اور بھیڑوں کی تفصیل پیش کررہے ہیں ،تاکہ عید قرباں کے موقع پر عام لوگوں کو ان علاقے میں مناسب اور واجبی قیمت پر مویشی مل جائیں۔