واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے قطر اور مصر کے سربراہان سے فون پر رابطہ کیا ہے اور ان پر غزہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کیلئے معاہدہ پر زور دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے فون پر الگ الگ رابطہ کیا اور سفارتی کوششوں کے ذریعہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کے معاہدہ کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ، مصر اور قطر تنازعہ میں بطور ثالث کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ غزہ جنگ بندی کیلئے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں اسرائیل کے نمائندے بھی شریک ہیں۔ البتہ حماس نے مذاکراتی عمل سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے۔ صدر بائیڈن نے مذاکراتی عمل کے ثالثوں سے ایسے موقع پر بات کی ہے جب وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو ایک بیان میں قاہرہ میں جاری مذاکرات کو تعمیری قرار دیا تھا اور فریقین پر زور دیا تھا کہ وہ مجوزہ معاہدہ پر عمل درآمد کیلئے آگے بڑھیں۔ اسرائیل کا اصرار ہے کہ اس کی افواج کو مصر اور غزہ کی سرحد فلاڈیلفی کوریڈور پر تعینات رہنے کی اجازت دی جائے۔ تاہم حماس اس تجویز کو مسترد کرتی ہے اور اسے کسی حتمی معاہدہ تک پہنچنے میں اسرائیل کی جانب سے انکار کی عکاسی قرار دیتی ہے۔