فرنچ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کا24مئی کو آغاز

   

پیرس،5 مئی( یو این آئی)) رواں سال کے دوسرے بڑے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 125 واں ایڈیشن 24مئی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوگا۔ ای ایس پی این کے مطابق ٹورنامنٹ کا کوالیفیکیشن رائونڈ 18 مئی سے شروع ہوگا۔میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے ۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اسپین کے نامور ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں امریکی ٹینس اسٹا ر کوکوگف اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں اسپین کے ٹینس اسٹار مارشل گرانولرز اور ان کے ارجنٹائن کے جوڑی دار ہوراشیو زیبالوس اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں اٹلی کی ٹینس کھلاڑی سارہ ایرانی اور ان کی ہم وطن جوڑی دار جیسمین پائولینی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔رواں سال کا دوسرا میگا ایونٹ 24 مئی سے شروع ہوکر 8جون کو اختتام پذیر ہوگا۔