فیروزآباد:عصمت دری کے مجرم کو پھانسی کی سزا

   

فیروزآباد: اترپردیش کے ضلع فیروزآباد میں پاسکو ایکٹ کی ایک خصوصی عدالت نے عصمت دری کے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے اسے پھانسی کی سزا سنائی ہے ۔خصوصی جج پاسکو ایکٹ مردل دوبے نے ایک سال پرانے عصمت دری کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے ملزم کو پھانسی کی سزا سنائی ہے ۔ فیروزآباد میں یہ پہلی بار ہے جب پاسکو ایکٹ میں کسی کو موت کی سزا دی گئی ہے ۔اطلاعات کے مطابق 17مارچ 2019 میں ضلع کے سرسا گنج علاقے کے چندپورا گاؤں کی ایک آٹھ سالہ لڑکی پراسرار طور سے غائب ہوگئی تھی۔ شام تک اس کے واپس نہ آنے پر اہل خانہ کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اس کی تلاش شروع کی لیکن کوئی سراغ نہ لگا۔لوگوں نے بتایا کہ رات تقریبا دس بجے آخری بار محلے کے ہی بنٹو عرف شیو شنکر کے ساتھ بچی کو جاتے ہوئے دیکھا تھا۔اگلی صبح گیہوں کے کھیت میں بچی کی لاش ملی۔ اس کے گلے پر اسے دبانے کے نشان تھے ۔ اس کے بعد جب بنٹو کے گھر پہنچے تو وہ وہاں نہیں ملے ۔ پتہ چلا کہ بنٹو اور اس کے والد رات میں ہی یہاں سے فرار ہوگئے تھے ۔پولیس نے ملزم کے خلاف عصمت دری و قتل کا مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے چار دن بعد بنٹوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔