فیوچرسٹی کی بات کرنے والے ریونت ریڈی کا مستقبل نہیں ہے : کے ٹی آر

   

کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام، پارٹی کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے طنزیہ انداز میں ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ فیوچرسٹی کی بات کرنے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خود کوئی فیوچر نہیں ہے۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے بی آر ایس بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت تشکیل دیگی۔ ابراہیم پٹنم میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات سے قبل سماج کے تمام طبقات کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ ہتیھلی میں جنت دکھاتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دیا ہے۔ غریبوں کی اراضیات چھین کر اپنے قریبی افراد میں تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی کیلئے مستقل نہیں ہوتا اور عوام وقت آنے پر ریونت ریڈی کو سبق سکھائیں گے۔ کے ٹی آر نے گرام پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ تمام تر ناانصافیوں اور رکاوٹوں کے باوجود بی آر ایس نے ابراہیم پٹنم اور کیتن پلی میونسپلٹیز میں کامیابی حاصل کی۔ آخرکار انصاف کی جیت ہوئی۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ فیوچر سٹی کی بعد میں بات کریں پہلے اپنا مستقبل دیکھیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت وسائل کو سنبھالنے میں ناکام ہے جبکہ نئے منصوبوں کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 178 ایکر اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے سے قبل ممنوعہ اراضی کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر اس فہرست کو 16 لاکھ ایکر سے بڑھا کر ایک کروڑ ایکر تک پہنچادیا گیا ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں بنیادی مسائل جیسے صفائی اور مچھروں کی روک تھام پر توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ حکومت فیوچرسٹی جیسے بڑے منصوبوں کی بات کررہی ہے۔A/b/H/2